پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 7 کے 25 ویں میچ میں ملتان سلطانز نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو جیت کے لیے 246 رنز کا پہاڑ جیسا ہدف دے دیا۔
قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے جا رہے میچ میں ملتان سلطانز نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے خلاف ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ ملتان سلطانز کے کپتان محمد رضوان نے اپنی شاندار فارم کا تسلسل جاری رکھا اور ایک مرتبہ پھر نصف سنچری جڑ دی۔ انہوں نے ناقابل شکست 83 رنز کی اننگز کھیلی۔
ان کے علاوہ شان مسعود نے 57 جب کہ رائلی روسوو نے 71 رنز بنائے۔ کوئٹہ کی جانب سے عرفان، نسیم اور غلام مدثر نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
ملتان سلطانز کے کپتان نے ٹاس کے بعد بات کرتے ہوئے بتایا کہ پلے آف کے لیے کوالیفائی کرچکے ہیں، نئے تجربے کر رہے ہیں اس لئے بیٹنگ کا فیصلہ کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ٹیم میں آج کے میچ کے لیے ایک تبدیلی کی گئی ہے، بلیسنگ موزربانی کی جگہ ڈیوڈ ولے کی واپسی ہوئی ہے۔ دوسری جانب کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کپتان سرفراز احمد نے کہا کہ ٹاس جیت جاتے تو ہم بھی بولنگ ہی کرتے،کوشش کریں گے کہ ملتان سلطانز کو کم اسکور تک محدود کریں۔
انہوں نے بتایا کہ ہم نے اپنی ٹیم میں دو تبدیلیاں کی ہیں، جیمز ونس اور خرم شہزاد کی جگہ احسن علی اور محمد عرفان کو ٹیم میں شامل کیا ہے۔ واضح رہے کہ پی ایس ایل 7 کے پوائنٹس ٹیبل میں ملتان سرفہرست ہے، اس کے 8 میچز میں 14 پوائنٹس ہیں، سلطانز پہلے ہی پلے آف مرحلے کے لیے کوالیفائی کرچکے ہیں جبکہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے 8 میچز میں 6 پوائنٹس ہیں اور وہ ٹیبل پر پانچویں پوزیشن پر ہے۔