وفاقی وزیر مواصلات مراد سعید نے کہا ہے کہ سابق حکمرانوں نے عوام سے جھوٹ بولا، حزب اختلاف کو ہر محاذ پر شکست سے دوچار کیا ، سیاسی میدان ہو یا پارلیمان وزیراعظم عمران خان کامیاب رہے۔
وفاقی وزیر مواصلات مراد سعید نے تحریک عدم اعتماد پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ ماضی کے حکمرانوں نے ملک کا استحصال کیا اور تاریخ پر تاریخ دینے والوں کو شکست ہوئی حزب اختلاف کرپشن بچانے کے لیے ایک ہو گئی ہے۔
دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ہم نے 80 ہزار جانوں کی قربانی دی۔ مراد سعید نے کہا کہ پاکستانی قوم کا پیسہ چوری کر کے استحصال کیا گیا۔ مولانا فضل الرحمان امریکی سفیر کو کہتے تھے کہ مجھے خدمت کا موقع دیں جبکہ حزب اختلاف نے سرکس لگایا ہوا ہے۔
حزب اختلاف کہہ رہی ہے دنیا میں مہنگائی ہے تو یہاں کیوں کم کر دی۔ انہوں نے کہا کہ وکی لیکس میں ذکر ہے یوسف رضا گیلانی اور آصف زرداری ڈرون حملے پر شور مچاتے تھے جبکہ نواز شریف مودی کی حلف برداری میں شرکت کے لیے بھارت گئے لیکن بھارت میں حریت کانفرنس کے رہنماوں سے نہیں ملے۔
وفاقی وزیر مواصلات نے کہا کہ بھارتی تاجر جندال بغیر ویزا پاکستان آیا تو اس کی آمد کو چھپایا گیا اور راجیو گاندھی کی پاکستان آمد پر کشمیر کے بورڈ ہٹائے گئے لیکن وزیر اعظم عمران خان نے کشمیر کا مقدمہ لڑا اور عمران خان نے کشمیر پر دنیا بھر کے لیڈرز سے بات کی۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان نے دنیا بھر میں اعلی فورم پر عالم اسلام کو اکٹھے کیا اور اسلامو فوبیا پر بھی بات کی۔ عمران خان نے اسلامو فوبیا کے ایشو کو اجاگر کیا۔
مراد سعید نے کہا کہ بیرون ملک جائیدادیں بنانے والے پاکستان کا مقدمہ لڑنے کے اہل نہیں اور سابق حکمرانوں نے عوام سے جھوٹ بولا۔
پاکستان خود استحصالی سے خودداری کی طرف گیا اور آج پاکستان عالم اسلام کی رہنمائی کررہا ہے۔