وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ اپوزیشن شوق پورا کرلے عمران خان جیتنے جا رہے ہیں۔
ہارنے والوں کو نیوٹرل ایمپائر والے بیان پر قائم رہنا ہوگا۔ اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ 23سے 30مارچ اہم ہفتہ ہے۔ ہارس ٹریڈنگ ختم کرنے کیلئے سپیکر کو اختیارات دیئے گئے۔ سپیکر کے اختیارات کو کوئی چیلنج نہیں کرسکتا۔ اب چھانگا مانگا ہے نہ ہی مری، جہاں یہ ارکان کو رکھیں گے۔ 172 ارکان اپوزیشن کو لے کر آنے پڑیں گے۔ تحریک عدم اعتماد عمران خان کیلئے اطمینان کی تحریک بنے گی۔
انہوں نے کہا کہ 30یا 31کو اپوزیشن کیساتھ ارکان اسمبلی اپریل فول منائیں گے۔ تینوں پارٹیاں انجمن مفاد باہمی میں اکٹھی ہوئی ہیں۔ اپوزیشن کہہ رہی ہے ایمپائر نیوٹرل ہے، اللہ کا شکر ہے، ہارنے پر یہ کسی نئے ایمپائر کا کھاتہ نہ کھول دیں۔ ہارنے والوں کو نیوٹرل ایمپائر والے بیان پر قائم رہنا ہوگا۔
سپیکر کے پاس 14 روز ہوتے ہیں وہ جب چاہیں اجلاس بلالیں۔ عمران خان کے ساتھ سائے کی طرح کھڑا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ بلاول سندھ سے جو لوگ لائے تھے ان سے ہماری پولیس زیادہ تھی۔ بلاول کا مارچ مایوس کن تھا۔
سابق صدر کی قبر پر نعرے بازی کرنے والوں کے خلاف مقدمہ درج کریں گے۔ بلاول کو ان کے حال پر چھوڑ دیں، ان کے خلاف کوئی بات نہیں ہوگی۔
سابق وزیراعظم ذوالفقار علی بھٹو خارجہ پالیسی قوم کے سامنے رکھتے تھے، جبکہ اپوزیشن والے سامراج کی سوچ رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سیاسی گہما گہمی ختم ہو جائے تو بلوچستان خود جائوں گا۔ غیر ملکی سفارتخانہ کے حوالے سے معذر ت کرچکے ہیں ،واقعہ نہیں ہوناچاہیے تھا۔
ہم سپر پاور سے اچھے تعلقات رکھنا چاہتے ہیں۔ پنجاب کی سیاست پر کوئی بات نہیں کرسکتا۔ ہم نے تمام پولیس اسٹیشنز میں ویڈیو اور آڈیو کیمرے نصب کئے۔ پاکستان کے خلاف بین الاقوامی سازشیں ہورہی ہیں۔ رواں ماہ وزیراعظم ای پاسپورٹ کا افتتا ح کریں گے۔