مظفر آباد میں ذہنی معذور نوجوان پر تشدد کی ویڈیووائرل، آئی جی نے نوٹس لے لیا

سوشل میڈیا پر ذہنی معذور نوجوان پر تشدد کی ویڈیو وائرل ہونے کے بعد آئی جی کے نوٹس پر مظفرآباد پولیس کی دوڑیں لگ گئیں۔

تمام تھانوں کے ایس ایچ اوز نے ملزمان کا سراغ لگانے کے لیے کوششیں تیز کردی ہیں۔ جلد ملزمان کو گرفتار کرنے کا دعویٰ۔ تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز سوشل میڈیا پر ایک نوجوان پر انسانیت سوز تشدد کی ویڈیو وائرل ہوئی ہے، ویڈیو میں واضح دیکھا جاسکتا ہے اور سنا جاسکتا ہے کہ ظالم ملزمان ایک نوجوان کو برہنہ کر کے شدید تشدد کا نشانہ بنارہے ہیں۔

اسے پیشاب پلارہے ہیں اور اس کے نازک اعضاء پر مرچیں ڈال کر اسے لاٹھیوں سے ماررہے ہیں اور چند مطالبے کررہے ہیں۔ ویڈیو میں جو زبان استعمال کی ہے اس سے یہ اندازہ لگایا جاسکتا ہے کہ معاملہ گھریلو نوعیت کا ہے،نوجوان نیم بے ہوشی کی حالت میں ہے اور چیخ چیخ کر اپنی جان بچانے کی منتیں کررہا ہے۔

سوشل میڈیا پر ویڈیو وائرل ہونے کے بعد انسپکٹر جنرل پولیس نے نوٹس لیتے ہوئے ایس ایس پی مظفرآباد کو تحقیقات کا حکم دیا ہے۔ جس کے بعد ایس ایس پی مظفرآباد یاسین بیگ نے تمام تھانوں کے ایس ایچ اوز کو ویڈیو میں تشدد کرنے والے ملزمان اور جس پر تشدد ہوا کو ٹریس کرنے کا سختی سے حکم دیا ہے۔

جس کے بعد تمام تھانوں کے ایس ایچ اوز نے اپنی خفیہ ٹیمیں متحرک کردیں۔ قانون نافذ کرنے والے اداروں سمیت سپیشل برانچ اور دیگر تحقیقاتی اداروں نے اس پر کام شروع کردیا ہے۔ دوسری جانب عوامی حلقوں نے ملزمان کو ٹریس کرتے ہوئے ان کیخلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں