عدم اعتماد کے نام پرملک میں عدم استحکام پیداکرنیوالے

عدم اعتماد کے نام پرملک میں عدم استحکام پیداکرنیوالے قابل رحم نہیں: تنویر الیاس

پاکستان تحریک انصاف آزادکشمیر کے صدر و موسٹ سینئروزیر سردار تنویر الیاس خان نے کہا ہے کہ عدم اعتماد کے نام پرملک میں عدم استحکام پیداکرنیوالے قابل رحم نہیں۔

ترقی پذیر پاکستان کا دیدار بغض عمران خان کی پٹی اتار کر ہی کیا جا سکتا ہے۔ وزیر اعظم عمران خان نے مملکت خداداد پاکستان کو معاشی مشکلات کی دلدل سے باہر نکالا ہے اور یہی غیر معمولی کامیابی اپوزیشن کو ہضم نہیں ہو رہی ، دن رات ووٹ کو عزت دو کا راگ الاپنے والے بتائیں کیا عوام نے تحریک انصاف کی حکومت کو اپنے ووٹ کے ذریعے پانچ سال کا مینڈیٹ نہیں دیا تھا ؟عدم اعتماد کے نام پرملک میں عدم استحکام پیداکرنیوالے منفی کردار قابل اعتماد اورقابل رحم نہیں ہیں ۔

عدم اعتماد کی تحریک کامیاب بنانے کیلئے جاری جوڑتوڑ کے تحت ملک میں سیاسی بحران اور معاشی عدم استحکام پیدا کرنے کی کوششیں ناکام ہوں گی ۔ 2023 میں انتخابی میدان لگے گا جہاں اپوزیشن کے منفی پراپیگنڈے سے نہیں بلکہ عوام کے ووٹوں سے پی ٹی آئی کو پھر خدمت کا موقع ملے گا ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کارکنوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

سردار تنویر الیاس خان نے کہا کہ وزیر اعظم پاکستان عمران خان اپوزیشن کی تمام جماعتوں کے اکٹھ کے باوجود ان کے سامنے تنہا ڈٹ کر کھڑے ہیں اور کسی کو شائبہ تک نہیں ملا کہ عمران خان اپوزیشن کے اتحاد سے خوفزدہ ہیں ۔ شفاف کردار کے حامل جرات مند لیڈر عمران خان کی وجہ سے اپوزیشن جماعتیں خوف میں مبتلا ہیں اور انہیں اپنا سیاسی مستقبل تاریک ہوتا ہوا نظر آرہا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ جب تحریک انصاف نے حکومت سنبھالی تو ملک دیوالیہ ہونے کے قریب تھا وزیر اعظم عمران خان نے درست معاشی پالیسیوں کی وجہ سے نہ صرف ملک کو اس بحران سے بچایا بلکہ درست سمت کی طرف بھی گامزن کیا ۔ آج عالمی ادارے بھی پہلی بار وزیر اعظم عمران خان کے وژن کی تعریف کر رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی حکومت کی کامیاب پالیسیوں کی وجہ سے برآمدات بڑھ رہی ہیں اور تاریخ کی بلند ترین سطح پر ہیں، ترسیلات زر میں ریکارڈ اضافہ ہوا ہے۔

کورونا وبا کے باوجود ٹیکسز سے آمدن بڑھی ہے لیکن اپوزیشن نے اپنی آنکھوں پر عمران خان کے بغض کی پٹی باندھ رکھی ہے جسے وہ اتارے گی تو اسے آگے بڑھتا ہوا پاکستان نظر آئے گا۔ انہوں نے کہا وزیر اعظم عمران خان انصاف انسانیت اور خودداری کی اساس پر حوصلوں میں شکن پیدا کیے بغیر عوامی خدمت کا سفر جاری رکھیں گے۔ پی ٹی آئی آزادکشمیر وزیر اعظم پاکستان کی پشتی بان ہے اور ان کی قیادت پر غیر متزلزل اعتماد کرتے ہوئے آزادکشمیر میں ان کے ویژن کے مطابق عوامی خدمت کا سفر جاری و ساری رکھے گیا ہوں نے کہا کہ عدم اعتماد کی بازی کوئی آخری بازی نہیں وزیر اعظم اس کے علاوہ بھی دیگر میدانوں میں سرخرو ہونگے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں