پاکستان ایک ذمہ دار ایٹمی قوت ہے

پاکستان ایک ذمہ دار ایٹمی قوت ہے، کسی بھی مہم جوئی کا منہ توڑ جواب دیا جائیگا

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ پاکستان ایک ذمہ دار ایٹمی قوت ہے اور تمام ممالک کے ساتھ امن چاہتے ہیں۔ کسی بھی مہم جوئی کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔

ہم نے آزادی کے تحفظ کے لیے بے پناہ قربانیاں دی ہیں۔ 23مارچ کی پریڈ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدرمملکت نے کہا کہ آج کے دن تحریک پاکستان کے قائدین اور کارکنوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے عزم کرتے ہیں کہ ملک کی آزادی اور خودمختاری کو ہمیشہ عزیز رکھیں گے۔ کسی بھی مہم جوئی کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ حصول پاکستان کا مقصد جدید اسلامی فلاحی مملکت کا قیام تھا، ایسی مملکت جو اسلامی اصولوں پر مبنی اعتدال پسند اور روادار معاشرے کا عملی نمونہ پیش کرے۔

ایسی مملکت جہاں اقلیتوں کو بھی جان و مال کا تحفظ اور مذہبی آزادی حاصل ہو، مساوات، قانون و انصاف کی حکمرانی ہو۔ انہوں نے کہا کہ اس عہد کی تجدید کرتے ہیں کہ بانیان پاکستان کی امنگوں کے مطابق جدید اسلامی فلاحی جمہوری ریاست کے حصول کے لیے متحد ہو کر کام کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ دنیائے اسلام کو بڑی آزمائشوں کا سامنا ہے، فلسطین اور بھارتی مقبوضہ جموں و کشمیر میں عوام پر جبر و تشدد کیا جاتا ہے، دنیا میں اسلامو فوبیا کی بڑھتی ہوئی لہر نے مسلمانوں کو خطرات سے دوچار کیا ہے، ہمارے لاکھوں افغان بھائی بھوک اور بیماری سے گزر رہے ہیں اور غیر یقینی کیفیت میں ہیں۔

صدر مملکت نے کہا کہ اسلامو فوبیا کو عالمی سطح پر روکنے کے لیے اقوام متحدہ میں اسلامی تعاون کی تنظیم اور پاکستان نے بھرپور کاوشیں کی ہیں۔ اقوام متحدہ نے او آئی سی کی جانب سے پاکستان کی پیش کردہ قرار داد کی منظوری دی ہے۔ عارف علوی نے کہا کہ قرار داد میں اعادہ کیا گیا کہ اسلامو فوبیا، ناموس رسالتۖ اور مذہب کی توہین اور مسلمانوں کے خلاف نفرت انگیز تحریر و تقریر دنیا کے سامنے بہت بڑا چیلنج ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں