وفاقی وزیر برائے اطلاعات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ پاکستان کو عدم استحکام کرنے کا منصوبہ ہے، یہ وہ خط نہیں جو آج کل کچھ صحافی لہرا رہے ہیں۔ لندن میں بیٹھا ایک شخص پاکستان کیخلاف سازش کر رہا ہے۔
فواد چوہدری نے پی ٹی آئی رہنما، حماد اظہر کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ گزشتہ روز پاکستان کی تاریخ کا سب سے بڑا اجتماع تھا۔ کل کوئٹہ، چاغی، لاہور، کراچی اور ہر شہر سے لوگ پہنچے، پاکستان بھر سے آنے والے عوام کا شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں۔ پہلے ہم نے کہا کہ عدم اعتماد پر ووٹ ڈالنے والوں کو دس لاکھ لوگوں سے گزر کر جانا پڑے گا۔
اب کہتا ہوں 22 کروڑ لوگوں کے اوپر سے گزر کر جانا پڑے گا۔ اگر ایسا نہ ہوا تو یہ منڈیاں ایسے ہی چلتی رہیں گی۔ سندھ ہا ئوس میں ضمیروں کو خریدنے کی منڈی لگی ہوئی ہے، امید ہے جو ارکان بکے، سپریم کورٹ ان کو نااہل کرنے سے متعلق فیصلہ دے گی۔ انہوں نے وزیر اعظم عمران خان سے متعلق بات کرتے ہوئے مزید کہا کہ عمران خان انٹرنیشنل اسٹیبلشمنٹ کے مہروں کے خلاف جنگ لڑ رہے ہیں۔
عمران خان ایک جنگ عالمی اسٹیبلشمنٹ کے خلاف بھی لڑ رہے ہیں، پاکستان میں مستحکم پارلیمانی نظام کے فیصلے کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ جیسے جیسے وقت گزرتا جائے گا سب چیزیں سامنے آتی جائیں گی۔ کل عوام نے ضمیر فروشی کے خلاف فیصلہ سنادیا۔مولانا فضل الرحمان، آصف زرداری اور نواز شریف پاکستان کے خلاف کام کر رہے ہیں۔
لندن میں بیٹھا ایک شخص عالمی اسٹیبلشمنٹ کے ساتھ مل کر پاکستان کے خلاف سازش کر رہا ہے۔ دوسری جانب وفاقی وزیر توانائی حماد اظہرنے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے عوام کو اعتماد میں لیا اور بیرونی سازش کے بارے میں بتایا ہے، کل جتنے لوگ پریڈ گرانڈ میں تھے اس سے 4 گنا لوگ پریڈ گرانڈ کے باہرتھے۔حماد اظہر نے کہا کہ پاکستان میں مزید بڑی تبدیلیاں آئیں گی۔