متحدہ قومی موومنٹ ایم کیو ایم کے 2 وفاقی وزرا اپنے عہدوں سے مستعفی ہوگئے۔
بدھ کوایم کیو ایم پاکستان کے 2 وفاقی وزر ا امین الحق اور فروغ نسیم نے اپنے استعفے وزیراعظم عمران خان کو بھیج دیے۔ استعفے قبول کرنے کا نوٹیفکیشن وزیراعظم کی منظوری سے جاری ہوگا۔ ایم کیو ایم کے مطابق حکومت سے معاملات طے نہ پانے کی وجہ ان کی سست روی ہے۔ وزیراعظم عمران خان انا کا شکار رہے، وہ اپنے وزرا کو بھیجتے رہے لیکن خود نہیں آئے۔
جبکہ اپوزیشن کی پوری قیادت ہمارے پاس بار بار آئی۔ ایم کیو ایم نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان اب خود بھی آجائیں تو بہت دیر ہوچکی اور ہم فیصلہ کرچکے ہیں۔ رابطہ کمیٹی صرف اپوزیشن سے تحریری معاہدہ کی روٹین کے مطابق توثیق کریگی۔
معاہدے پر خالد مقبول صدیقی، بلاول بھٹو، شہبازشریف، مولانا فضل الرحمن، اخترمینگل، خالد مگسی نے دستخط کیے۔ معاہدے کے تحت ایم کیوایم وفاقی کابینہ سے علیحدگی اختیار کرے گی۔ جس کے بدلے میں بلدیاتی اداروں کے اختیارات میں اضافہ کیاجائیگا۔ سندھ میں جعلی ڈومیسائل کے اجرا کیلئے قانون سازی کی جائیگی۔
بلدیاتی قانون کو آئین کے آرٹیکل 140اے کے مطابق بنایا جائے گا، سندھ حکومت ایک ماہ میں بلدیاتی قانون میں ترامیم کا مسودہ سندھ اسمبلی میں پیش کرے گی۔