صدر آزاد جموں و کشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا ہے کہ اعلیٰ اور معیاری تعلیم کسی بھی معاشرے میں ترقی اور کامیابی کا بہترین زینہ ہے اور اسی کی وجہ سے قومیں دنیا میں آگے بڑھتی ہیں ۔
اعلیٰ تعلیم حاصل کر کے ہی نوجوان اپنے مستقبل کو بہتر انداز میں پروان چڑھا سکتے ہیں اور تعلیم کے فروغ سے ہی ترقی یافتہ اقوام کی فہرست میں شامل ہوا جا سکتا ہے۔ آج مجھے بے حد خوشی ہے کہ یہاں پر اس کانووکیشن میں 12سو سے زائد طلباء وطالبات فارغ التحصیل ہوئے ہیں جن میں سے 57ون گولڈ میڈلسٹ ہیں جن میں سے 35طالبات نے گولڈ میڈل لیے ہیں جن میں سے 22طلبا نے گولڈ میڈل حاصل کیے ہیں۔
میں اس کامیابی پر تمام طلبا و طالبات اور تمام اساتذہ کرام کو مبارکباد پیش کرتا ہوں کہ جن شبانہ روز کاوشوں سے آپ اعلیٰ تعلیم کے زیور سے روشناس ہوئے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج یہاں کوٹلی میں جامعہ کوٹلی کے تیسرے سالانہ کانووکیشن سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر کوٹلی یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر دلنواز احمد گردیزی نے سپاسنامہ پیش کیا ۔ اس موقع پر پروفیسر ڈاکٹر دلنواز گردیزی نے سپاسنامہ میں ادارے کی نصابی اور ہم نصابی سرگرمیوں، یونیورسٹی میں جاری مختلف تدریسی شعبہ جات اور پروجیکٹس جبکہ مستقبل میں نئے متعارف کرائے جانے والے شعبہ جات پر بھی تفصیلی بریفنگ دی۔
اس موقع پر وائس چانسلر کوٹلی یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر دلنواز احمد گردیزی نے صدر آزاد جموں وکشمیر وچانسلر کوٹلی یونیورسٹی بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کو ادارے کی شیلڈ پیش کی۔ اس موقع پر صدر آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے نمایاں پوزیشنز حاصل کرنے والے طلبا و طالبات میں گولڈ میڈلز اوراسناد تقسیم کیں۔ اس موقع پر صدر آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے اپنے خطاب میں مزید کہا کہ قومیں تب ہی ترقی کرتی ہیں جب وہاں پر اعلیٰ اور معیاری تعلیم کا بول بالا ہو۔
میں نے بطور چانسلر آزادکشمیر کی یونیورسٹیز میں معیاری فروغ تعلیم کے لئے خصوصی ہدایات جاری کیں ہیں تاکہ ہماری یونیورسٹیز کا شمار نہ صرف پاکستان کی یونیورسٹیز بلکہ دنیا کی اعلیٰ پائے کی یونیورسٹیز میں ہو سکے۔ انہوں نے کہا کہ مجھے خوشی ہے کہ کوٹلی یونیورسٹی میں جہاں سرکاری سطح پر مختلف شعبے اور پروجیکٹس شروع کیے گئے ہیں وہاں پر مقامی لوگوں کے تعاون سے بھی متعدد پروجیکٹس کا آغاز کیا گیا ہے جو کہ خوش آئند ہے۔