پی ٹی آئی قیادت

پی ٹی آئی قیادت نے آئین توڑا، آرٹیکل 6کے تحت کارروائی کی جائے: چوہدری یاسین

صدر پاکستان پیپلزپارٹی آزاد کشمیر وممبر آزاد جموں وکشمیر قانون ساز اسمبلی چودھری محمد یاسین نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی قیادت نے آئین توڑا، آرٹیکل 6کے تحت کارروائی کی جائے۔

سپریم کورٹ آف پاکستان کے فیصلے نے تمام سازشیں ناکام بنا دی ہیں اور آج نظریہ ضرورت بھی دفن ہو گیاہے آئین و قانون کی حکمرانی قائم ہو گی صرف آئندہ انتخابات کیلئے غیر ملکی سازش کا بیانیہ بنانے کی کوشش کرنے والے عمران خان اور اس کے حواری زندہ درگور ہو گئے ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان اور اسد قیصر،فواد چوہدری سمیت قاسم سوری نے آئین توڑا ہے۔ اب ان کے خلاف آئین کے آرٹیکل 6کے تحت کارروائی کی جائے آئین توڑنا غداری ہے ثابت ہو گیا ہے کہ اپوزیشن نہیں تحریک انصاف آئین توڑ کر غداری کی مرتکب ہوئی ہے اور محض ایک سفارتی مراسلے کی آڑ میں پوری اپوزیشن ہر سازش کا الزام لگا کر آئین شکنی کی گئی آئین توڑنے والوں کو نشان عبرت بنایا جائے ورنہ ایسے لوگ پھر طالع آزمائی کر سکتے ہیں کیونکہ جب تک سزا جزا کا عمل نہیں ہو گا ایسے اقدامات ہوتے رہیں گے۔

انہوں نے کہا کہ اصل بات آئین توڑنا ہے جس کی سزا ہر صورت میں ذمہ داران کو ملنی چاہیے نظریہ ضرورت نے ہمیشہ خرابیوں کو جنم دیا ہے ڈپٹی اسپیکر قاسم سوری نے جو رولنگ دی وہ سوچے سمجھے اسکرپٹ کا حصہ تھا جس کے بعد پندرہ منٹ میں اسمبلی توڑنے کی ایڈوائس سے صدر کی جانب سے اسمبلی توڑنے تک سب کچھ آئین شکنوں نے طے کر رکھا تھا اور یہ لوگ اتنی جلدی میں تھے کہ نگران وزیراعظم کا نام بھی نکال لائے تھے لیکن آزاد عدلیہ نے ان کے تمام غیر آئینی اقدامات کالعدم قرار دے کر ان کے ناپاک ارادوں پر پانی پھیر دیا اب یہ اسمبلی سے استعفیٰ دیں گے تو یہ سیاسی خودکشی ہوگی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں