کراچی: آئندہ ماہ نیوزی لینڈکے دورے کے لئے پاکستانی ٹیم میں اوپنر احمد شہزاد جگہ برقرار رکھنے میں ناکام ہوگئے ان کی جگہ مکمل فٹ ہونے کے بعد تجربہ کار اظہر علی لیں گے۔
پاکستانی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ مکی آرتھر نیوزی لینڈ کی سیریز کے لئے سلیکٹرز سے بات چیت کرکے وطن واپس چلے گئے۔ آئندہ ماہ نیوزی لینڈکے دورے کے لئے پاکستانی ٹیم میں اوپنر احمد شہزاد جگہ برقرار رکھنے میں ناکام ہوگئے ہیں۔ ان کی جگہ مکمل فٹ ہونے کے بعد تجربہ کار اظہر علی لیں گے۔ ان فٹ فاسٹ بولر عثمان شنواری کی جگہ ایک اور لیفٹ آرم فاسٹ بولر رومان رئیس لیں گے۔
اظہر علی پاکستان کرکٹ بورڈ کے خرچے پر گھٹنے کے علاج کے لئے انگلینڈ میں تھے۔ پیر کو وہ لاہور کے لئے روانہ ہوگئے۔انہوں نے اپنی تصویر شوشل میڈیا پر جاری ہے۔ ان کے گھٹنے کی انجری کے بارے میں متضاد اطلاعات مل رہی ہیں۔اظہر علی کا کہنا ہے کہ جلد فیلڈ میں دکھائی دونگا۔
ذمے دار ذرائع کے مطابق لندن میں اظہر علی کا علاج پاکستانی نژاد ڈاکٹر اظہر نے کیا۔ علاج اور ری ہیبلی ٹیشن کے بعد وہ گھٹنے کی تکلیف میں بہتر محسوس کررہے ہیں۔
البتہ یہ بھی دعویٰ کیا جارہا تھا کہ انگلینڈ میں چار ہفتے گذارنے کے بعد بھی وہ گھٹنے کی تکلیف سے مکمل نجات حاصل نہیں کرسکے۔ تاہم ری ہیبلی ٹیشن کے بعد ان کی تکلیف میں کمی آئی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اظہر علی29نومبر سےشروع ہونے والے قائد اعظم ٹرافی کے سپر ایٹ مرحلے میں سوئی ناردرن گیس کی نمائندگی کرسکتے ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ مکی آرتھر نے پرتھ روانگی سے قبل لاہور میں انضمام الحق کے ساتھ میٹنگ کی۔ وہ دو دن کے لئے راولپنڈی بھی گئے جہاں انہوں نے قومی ٹی ٹوئنٹی کرکٹ ٹورنامنٹ کے میچوں میں بعض کھلاڑیوں کی کارکردگی کو دیکھا۔ آسٹریلیا جانے سے قبل نیوزی لینڈ کی ٹیم کو حتمی شکل دے دی۔ سلیکٹرز آئندہ ماہ ٹیم کا باضابطہ اعلان کریں گے۔
اس دوران اظہر علی کی فٹنس کی صورتحال بھی واضح ہوجائے گی۔ ٹیم نیوزی لینڈ کے خلاف پانچ ون ڈے انٹر نیشنل اور تین ٹی ٹوئنٹی کھیلے گی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ متحدہ عرب امارات میں سری لنکا کے خلاف سیریزمیں حصہ لینے والی ٹیم میں دو تبدیلیوں پر اتفاق ہوا ہے۔ احمد شہزاد کی مسلسل خراب بیٹنگ فارم کی وجہ سے ٹیم میں ان کی جگہ اظہر علی اور ان فٹ عثمان شنواری کی جگہ رومان رئیس لیں گے۔ رومان فٹ ہوکرقومی ٹی ٹوئنٹی کرکٹ ٹورنامنٹ میں شریک ہیں۔ کمر کے اسٹریس فریکچر میں مبتلا عثمان شنواری قومی اکیڈمی میں علاج کرارہے ہیں ۔
عثمان شنواری کے بارے میں ڈاکٹر سہیل سلیم پر امید ہیں کہ وہ 8 ماہ سے پہلے فٹ ہوجائیں گے۔ ان فٹ عماد وسیم بھی ری ہیبلی ٹیشن کے مرحلے سے گزر رہے ہیں اورنیوزی لینڈ کی سیریز تک مکمل فٹ ہوجائیں گے۔ پاکستانی ٹیم 26دسمبر کو نیوزی لینڈ روانہ ہوگی پہلا ون ڈے انٹر نیشنل 6 جنوری کو کھیلا جائے گا۔
Load/Hide Comments