بار بی کیو گوشت کھانے سے گردے کے کینسر کا خطرہ بڑھ جاتا ہے، تحقیق میں انکشاف
سائنس دانوں نے انکشاف کیا ہے کہ بار بی کیو گوشت کی زیادہ مقدار سے گردے کے سرطان کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔امریکا کی یونیورسٹی آف ٹیکساس سے منسلک ماہرین نے بار بی کیو اور ان سے صحت پر پڑنے والے اثرات کے بارے میں تحقیق کی جو بین الاقوامی سائنسی جریدے ’جرنل کینسر‘ میں شائع کی گئی ہے۔ اپنی تحقیق کے دوران محققین نے ایک ہزار 358 افراد کی روز مرہ عادتوں کو ریکارڈ کیا، تحقیق میں شامل 659 افراد گردے کے کینسر میں مبتلا تھے جب کہ 699 افراد مکمل طور پر صحت مند تھے۔تحقیق کے دوران محققین نے گوشت کی کھپت اور بار بی کیو گوشت دونوں کے ساتھ کینسر کے بڑھے ہوئے خطرے کو منسلک پایا اور یہ بات سامنے آئی کہ گردے کے کینسر میں مبتلا افراد کی خوراک میں سرخ اور سفید گوشت کی مقدار صحت مند افراد کے مقابلے میں زیادہ تھی۔ماہرین کا کہنا ہے کہ جب گوشت تیز اور بلند شعلوں یا تیز آنچ پر پکایا جاتا ہے تو اس میں ایسے کیمیائی مادے پیدا ہوتے ہیں جو انسانی جسم کی جینیات پر حملہ آور ہوتے یا جسم میں خلیوں کے بننے اور ٹوٹنے کے عمل کو متاثر کرتے ہیں جس کا نتیجہ سرطان کی صورت میں ظاہر ہوتا ہے۔ ان ہی کیمیائی مرکبات کے باعث گردے کے کینسر کا خطرہ 54 فیصد تک بڑھ سکتا ہے۔تحقیق میں شامل ماہر ڈاکٹر زیفینگ وو نے کہا کہ ہماری تحقیق میں گوشت کو غذا سے مکمل طور پر خارج کرنے کے لیے نہیں کہا گیا بلکہ اعتدال کے ساتھ کھانے کی ہدایت کی ہے اور اگر باربی کیو کھایا جائے تو اسے پکاتے ہوئے سرخ کرنے کی کوشش نہ کریں۔
Load/Hide Comments