باکسر عامر خان کا ایل او سی کا دورہ، کشمیریوں سے اظہار یکجہتی

پاکستانی نژاد عالمی لائٹ ویٹ چیمپئن باکسر عامر خان نے لائن آف کنٹرول (ایل او سی) کا دورہ کرکے بھارت جارحیت کے خلاف کشمیریوں سے بھارتی یکجہتی کا اظہار کیا۔اس موقع پر باکسر عامر خان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ مجھے سیکیورٹی وجوہات پر ایل او سی آنے سے منع کیا گیا لیکن میں نے کہا میں ہر صورت جاؤں گا کیونکہ آزاد کشمیر پُرامن ہے اور یہاں زندگی معمول کے مطابق رواں دواں ہے۔عامر خان نے کہا کہ میں برطانیہ سے کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے لیے آیا ہوں، چاہتا ہوں جس طرح آزاد کشمیر میں امن ہے ایسے ہی مقبوضہ کشمیر میں ہو۔باکسر نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی اقدام کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ وادی کے لوگ محصور ہیں، انتہا پسند بھارت امن کے لیے خطرہ ہے۔ان کا کہنا تھا کہ برطانوی وزیراعظم بورس جانسن نے بھی وادی میں بھارتی اقدامات کی مذمت کی ہے جب کہ برطانوی ارکان پارلیمان نے مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر اہم شخصیات کو خطوط بھی لکھے ہیں۔عالمی لائٹ ویٹ چیمپئن نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں معصوم کشمیریوں کی زندگی اجیرن ہوچکی ہے، میرے جذبات کشمیری عوام کے ساتھ ہیں، وہ لوگ تنہا نہیں ان کا ساتھ دیتا رہوں گا اور ان کی آواز بنا رہوں گا۔اس کے علاوہ باکسر عامر نے مقبوضہ کشمیر میں معصوم کشمیریوں پر جاری وحشیانہ مظالم بند کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے پاکستانی اور عالمی نامور شخصیات سے انسانیت اور امن کے لیے کشمیریوں کا ساتھ دینے کا کہا۔

باکسر عامر خان کا ایل او سی کا دورہ، کشمیریوں سے اظہار یکجہتی” ایک تبصرہ

اپنا تبصرہ بھیجیں