وزیر اعظم عمران خان بھی آزاد کشمیر میں انتخابی مہم چلائیں گے

پاکستان تحریک انصاف کے ذرائع کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے 25 جولائی کو ہونے والے آزادکشمیر کے انتخابات کے سلسلے میں انتخابی مہم کا حصہ بننے کا فیصلہ کیا اور وہ آئندہ چند روز میں آزاد کمشیر کا دورہ کریں گے جہاں وہ اپنی جماعت کے انتخابی جلسوں سے خطاب کریں گے۔ تاہم یہ واضح نہیں کہ عمران خان آزاد کمشیر کے کن کن انتخابی حلقوں میں جلسے کریں گے. تحریک انصاف کے ذرائع کا دعویٰ ہے کہ وزیراعظم عمران خان کے دورے کی تیاریاں حتمی مراحل میں داخل ہو گئی ہیں۔

چیف آرگنائزر سیف اللہ نیازی اور ڈپٹی چیئرمین الیکشن کمیٹی تحریک انصاف آزاد کشمیر سردار تنویر الیاس کی اہم ملاقات کے بعد جاری ایک مختصر پیغام میں بتایا گیا کہ وزیر اعظم عمران خان نے انتخابی مہم میں شامل ہونے کا حتمی فیصلہ کر لیا ہے اور اس ملاقات میں ان کے متوقع دورے اور الیکشن کے حوالے سے حکمت عملی پر تفصیلی مشاورت کی گئی۔

سردار تنویر الیاس نے الیکشن مہم کے بارے میں چیف آرگنائزر کو تفصیلی بریفنگ دی اور وزیراعظم عمران کے دورہ آزاد کشمیر کے لائحہ عمل پر بھی سردار تنویر الیاس نے اپنی تجاویز دیں. ان کے بقول وزیراعظم عمران خان کو کشمیری اپنا محسن سمجھتے ہیں آزاد کشمیر کے لوگ وزیراعظم عمران خان کو خوش آمدید کہنے کیلئے بےتاب ہیں۔

دوسری جانب سیاسی جماعتوں نے وزیر اعظم پاکستان کی جانب سے الیکشن مہم میں شمولیت کے متوقع فیصلے کو انتخابات پر اثر انداز ہونے کی کوشش قرار دیا ہے. وزیر اعظم راجہ فاروق حیدر پہلے ہی متعدد بار کہہ چکے ہیں کہ وزیر اعظم کا دفتر آزاد کمشیر میں انتخابی نتائج پر اثر انداز ہونے کے لیے استعمال ہو رہا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں