بھارت

بھارت کشمیر کی ڈیموگرافی تبدیل کررہا ،ہمیں عالمی برادری کیساتھ ملکرکردار اداکرناہوگا

صدر ریاست آزادجموں کشمیربیرسٹرسلطان محمودچوہدری نے کہا ہے کہ بھارت اپنی سازشوں کے ذریعہ مقبوضہ کشمیر کو ہڑپ کرنا چاہتا ہے۔

ہم سب کو مل کر بھارت کے مکروہ عزائم کو ناکام بنانے کے لیے ایک واضح حکمت عملی طے کرنی چاہیے۔ بھارت نے مقبوضہ کشمیر میں 5اگست 2019 کو آرٹیکل 370 اور 35A کو ختم کر کے مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت تبدیل کرنے کی کوشش کی اور اس کے بعد سے اس نے مقبوضہ کشمیر میں 42لاکھ غیر ریاستی ہندوؤں کو جعلی ڈومیسائل جاری کیے اسی طرح 4ہزار ہندوؤں کو کاروبار کے لیے لیز پر زمین دینے کی سازشیں کر رہا ہے۔

جس کے ذریعے بھارت مقبوضہ کشمیر کی ڈیموگرافی تبدیل کرنے کی مزموم سازش کر رہا ہے تاکہ آبادی کے تناسب کو اپنے حق میں کر سکے ۔ لہذا ایسی صورت حال میں جبکہ مسئلہ کشمیر ایک اہم نازک اور فیصلہ کن موڑ میں داخل ہو چکا ہے تو ہمیں اپنی بھرپور کوشش کرنی چاہیے کہ بھارت کے ان عزائم کو ناکام بنانے کے لیے انٹرنیشنل فورمز پر اپنی بھرپور آواز دنیا تک پہنچائیں اور بھارت کے مکروہ چہرے سے رنگین نقاب اتار پھینکیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج یہاں کشمیر ہاؤس اسلام آباد میں ویکٹوریا شو فیلڈ (Victoria Shofield) سے ایک تفصیلی ملاقات میں کیا۔ یاد رہے کہ ویکٹوریا شوفیلڈ طویل عرصہ سے مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرنے کے لیے عالمی سطح پر کام کر رہی ہیں اور اس سلسلے میں انہوں نے کشمیر ان کراس فائر(Kashmir in Cross Fire) کے نام سے ایک کتاب بھی تصنیف کی ہے جس میں مسئلہ کشمیر پر تفصیلی روشنی ڈالی گئی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں