مقبوضہ کشمیر میں خواتین پر تشدد کے دستاویزی ثبوت موجود ہیں۔
عالمی یوم خواتین کے موقع پر اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب منیر اکرم نے بھارت کا مکروہ چہرہ بے نقاب کردیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق اقوام متحدہ میں خواتین کے عالمی دن کے موقع پر منعقدہ مباحثے میں منیر اکرم نے ایک بار دنیا کو باور کرایا کہ مقبوضہ کشمیر میں عصمت دری کو بطور جنگی ہتھیار استعمال کیا گیا۔ پاکستان کے پاس مقبوضہ کشمیر میں خواتین پر تشدد کے دستاویزی ثبوت موجود ہیں۔
اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب نے کہا کہ کسی صورت کشمیری خواتین کی حالت زار کو نظر انداز نہیں کیا جانا چاہیے۔ عالمی برادری عالمی یوم خواتین پر بھارتی سفاکیوں کا نوٹس لے۔ منیراکرم نے اس بات پر زور دیا کہ خواتین کو قیام امن کی کوششوں کا حصہ ہونا چاہیے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ پاکستان نے 450 خواتین امن دستے تعینات کیے اور ہمارے سفارت کاروں میں خواتین کی تعداد 20 فیصد بڑھی ہے۔