عمران خان

عمران خان کومزید مہلت دینا ملک دشمنی کے مترادف ہوگا: شاہ غلام قادر

چیف آرگنائزر پاکستان مسلم لیگ ن آزاد جموں و کشمیر و سابق اسپیکر قانون ساز اسمبلی شاہ غلام قادر نے کہا ہے کہ عمران خان کومزید مہلت دینا ملک دشمنی کے مترادف ہوگا۔

پاکستان کے سلیکٹڈ حکمرانوں نے مسئلہ کشمیر کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا ہے اور 5اگست کے بھارتی اقدامات کے جواب میں حکومت پاکستان کی خاموشی نے کشمیریوں کے دل چیر کے رکھ دئیے ہیں۔ محمد نواز شریف اور محمد شہباز شریف استحکام پاکستان کی علامت ہیں اور ایک مضبوط,توانا اور مستحکم پاکستان ہی کشمیریوں کی آزادی کا ضامن ہو سکتاہے۔

25مارچ کو مسلم لیگ ن آزاد کشمیر کے کارکنان سلیکٹڈ حکمرانوں کیخلاف عوامی ریفرنڈم میں ہر اول دستے کا کردار ادا کرینگے ۔ پاکستان کیساتھ آزاد کشمیر پر بھی مسلط حکمرانوں سے نجات ہی مسائل کا واحد حل ہے ۔ آزاد کشمیر میں حکومت نام کی کوئی چیز نظر نہیں آتی,اقربا پروری اور انتقامی تبادلے اس حکومت کے گزشتہ 6ماہ میں اہم کارنامے ہیں۔

حکومتی وزرا اس ڈر سے اسمبلی اجلاس میں شرکت نہیں کرتے کہ سوالوں کے جوابات دینے پڑیں گے اور جوابات کا انہیں پتہ ہی نہیں ہوتا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے حلقہ ایل اے 17حویلی کے دورہ کے موقع پر مسلم لیگی کارکنوں سے خطاب کے دوران کیا۔ اس موقع پرسابق وزیر حکومت چوہدری محمد عزیز,ذوالفقار علی ملک، چوہدری اعجاز کھٹانہ, صدر حلقہ راج محل کوٹلی ملک الیاس, جنرل سیکرٹری چوہدری شاہ نواز ایڈووکیٹ ,مسلم لیگ ن حویلی کے ضلعی, حلقہ, یوتھ ونگ سمیت سوشل میڈیا کے کارکنان کی بڑی تعداد موجود تھی۔

شاہ غلام قادر نے مسلم لیگی کارکنوں سے گفتگو کرتے ہوئے مزید کہاکہ مسلم لیگ ن ایک نظریاتی جماعت ہے آپ مسلم لیگ سبز ہلالی پرچم مضبوطی سے تھامے رکھیں ہماری منزل پاکستان ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں نظریاتی باڑ بندی کی اشد ضرورت ہے ہمیں یاد ہے اور بحثیت چیف آرگنائزر پاکستان مسلم لیگ ن آزاد جموں و کشمیر میں کہتا ہوں کہ مہاراجہ ایک غاصب حکمران تھا وہ کبھی بھی ہمارا آئینی و قانونی حکمران نہیں رہا مہاراجہ نے کشمیریوں کو بھیڑ بکریوں کی طرح چند سکوں کے عوض انگریزیوں خریدا اور ریاست کی اکثریتی مسلم آبادی پر ظلم وجبر کے پہاڑ توڑ رکھے۔

ہم کسی صورت مہاراجہ کی جانشین حکومت کے فلسفے کو ماننے کو تیار نہیں ہیں پاکستان ہماری منزل ہے اور پاکستان ہی پوری دنیا میں ہمارا واحد وکیل ہے جس نے ہر بین الاقوامی فورم پر ہمارا مقدمہ مثبت انداز میں لڑا,شاہ غلام قادر نے کہا کہ پاکستان میں قائم حکومتوں کی نااہلی کے باعث مختلف ادوار میں غلطیاں بھی ہوئیں لیکن ہم ریاست پاکستان سے اپنے رشتوں کمزور نہیں ہونے دیں گے پاکستان ہی کشمیریوں کی منزل مراد ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے قائد محمد نواز شریف نے مسئلہ کشمیر کو اقوام عالم میں بھرپور انداز میں پیش کیا اور ہمیں یقین ہے مسلم لیگ ن کے دورحکومت میں ہی یہ مسئلہ حل ہوگا اور مقبوضہ کشمیر میں بسنے والے ہمارے بھائیوں کو بھارتی ظلم و جبر سے ضرور نجات ملے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں