عمران خان

عمران خان نہ صرف کشمیریوں کے سفیر بلکہ امت مسلمہ کے نڈر لیڈر ہیں: عبدالقیوم نیازی

وزیراعظم آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیر سردار عبدالقیوم نیازی نے کہاہے کہ پی ٹی آئی کے چیئرمین و سابق وزیر اعظم پاکستان عمران خان نہ صرف کشمیریوں کے سفیر بلکہ امت مسلمہ کے نڈر لیڈر ہیں جو امت مسلمہ کو باوقار دیکھنا چاہتے ہیں۔

پاکستان امت مسلمہ کی واحد سپر طاقت ہے اور اس ایٹمی پاکستان کے لیڈر عمران نے جب سر اٹھا کر چلنے شروع کیا تو دنیا اس کے پیچھے پڑ گئی۔ جس قوم کی لیڈر شپ دلیر ہو اسے کوئی شکست نہیں دے سکتا اور نہ ہی ہرایا جاسکتا ہے۔ آزاد جموں و کشمیر انٹرمیڈیٹ و ثانوی تعلیمی بورڈ کی سالانہ تقریب تقسیم انعامات،اعزازات سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے سردار عبدالقیوم نیازی نے کہا کہ قوم عمران خان کا ساتھ دے۔

سردارعبدالقیوم نیازی نے کہا کہ مقبوضہ ریاست جموں وکشمیر کے عوام بھی آزادی کے بیس کیمپ کی طرف نگائیں لگائے ہوئے ہیں اور وہ آج بھی اپنے اسلاف کی طرح پاکستان کو اپنا قبلہ سمجھتے ہیں۔ تحریک آزادی کشمیر کے لیے 1947میں جموں کے لاکھوں لوگوں نے پاکستان کی محبت میں اپنی شہادتیں دیں۔ جموں وکشمیر کے شہدا کی قربانیوں کے باعث آج ہم بھی آزادی کی فضا میں سانس لے رہے ہیں جبکہ مقبوضہ ریاست جموں وکشمیر کے عوام بھارتی حکمرانوں اور نام نہاد بھارتی فوج کے مظالم تلے قید وبند کی صوبتیں برداشت کر رہے ہیں۔

ہمیں اپنی آزادی کی قد ر کرنی چاہیے۔ انھوں نے کہا کہ تعلیمی بورڈ میرپو ر کا ایک نام ہے اور بورڈ نے آزادکشمیر کے دور دراز پہاڑی اور بالخصوص ایل او سی پر رہنے والے طلبا و طالبات کے لیے امتحانی سینٹر قائم کرکے جو سہولیات فراہم کی ہیں وہ قابل ستائش ہیں۔ انھوں نے کہا کہ ایک وقت تھا کہ حکومت آزادکشمیر ایم ڈی اے سے قرضہ لیتی تھی آج بھی ایم ڈی ایچ اے میں اربوں روپے موجود ہیں اگر ادارہ خود کفیل ہو تو پھر حکومت کے لیے پریشانی نہیں ہوتی انھوں نے کہاکہ آزادکشمیر میں پی ٹی آئی کی حکومت نے اقتدار سنبھالنے کے بعد مسئلہ کشمیر کو اپنی ترجیحات میں رکھا ہے۔ رٹھوعہ ہریام برج جواڑھائی ارب روپے کا منصوبہ تھا سابقہ حکومتوں کی عدم توجہی کے باعث 10ارب تک پہنچ گیا ہے ہم نے آتے ہی اس منصوبے کی تکمیل کے لیے اقدامات اٹھائے۔

اب اس منصوبے پر کام وہی چینی کمپنی شروع کر رہی ہے۔ انھوں نے کہاکہ کشمیر ہائی وئے منصوبہ جو کوہالہ سے میرپور 122کلومیٹر ہے کی منظوری ہوچکی ہے جس پر 8ٹنل بنائے جائیں گے اس کی بھی فیزبیلٹی ہوچکی ہے۔ وزیرا عظم سردار عبدالقیوم نیازی نے کہاکہ چیئرمین پی ٹی آئی و سابق وزیر اعظم پاکستان عمران خان کا شکریہ ادا کرتا ہوں کہ انھوں نے آزاد کشمیر کے لیے ترقیاتی پیکج دیا۔

کشمیریوں کے لیے دنیا بھر میں آواز اٹھائی اور کشمیریوں کے سفیر ہونے کا حق اداکیا۔پاکستان اسوقت دنیا کی واحد سپر ایٹمی طاقت ہے اور عمران خان نہ صرف پاکستان بلکہ مسلم امہ کے لیڈر ہیں جو قیام پاکستان کے حقیق معنوں کے مطابق پاکستان کو دنیا کے سامنے پیش کرنے کا جذبہ رکھتے ہیں۔ سابق وزیر اعظم ذوالفقارعلی بھٹو کے بعد جو پذیرائی ملی ہے وہ عمران خان کو ملی ہے۔عمران خان نے دنیا کے سامنے پاکستان اور امت مسلمہ کو سر اٹھا کر بات کرنے کا حوصلہ دیا ہم زندہ قوم ہیں ہمیں زندگی اور موت سے ڈر نہیں ہونا چاہیے اگر زندہ رہے تو غازی اور اگر مر گئے تو شہید ہوکر اپنی آخرت سنوار لیں گے ہمیشہ حق کا ہی ساتھ دینا چاہیے۔

انھوں نے کہاکہ اسوقت لیڈرشپ کی کمی کا مسئلہ ہے امت مسلمہ میں جو بھی سر اٹھا کر چلنے کی کوشش کرتا ہے تو اس کے خلاف دنیا ہوجاتی ہے۔ عمران خان کے خلاف ایسی گھناونی سازش کی گئی ہے۔ انھوں نے کہاکہ ہماری حکومت نے رمضان المبارک میں آٹے پر 56کروڑ روپے کی سبسڈی دی یہ پندرہ سال کے بعد ہماری حکومت کو اعزاز حاصل ہوا ہے کہ ہم نے غریب لوگوں کے لیے فی من چار سو روپے کمی کی۔ اس موقع پر وزیر اعظم نے تعلیمی بورڈ میرپور کے چیئرمین اور دیگر اسٹاف کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہاکہ تعلیم کے بغیر دنیا ترقی نہیں کرسکتی۔تعلیمی ترقی میں تعلیمی بورڈ کا اہم رول ہے جس پر ہمیں فخر ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں