آرمی چیف جنرل قمر باجوہ کی ایران کی سول و عسکری قیادت سے ملاقاتیں

راولپنڈی: آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے ایران کی سول اور عسکری قیادت سے ملاقاتیں کی جس میں دو طرفہ تعاون اور خطے کی سیکیورٹی پر بات چیت کی گئی۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ دورہ ایران کے دوران ایرانی چیف آف جنرل اسٹاف سے ملاقات کے لیے جنرل ہیڈ کوارٹر پہنچے جہاں انہیں گارڈ آف آنر پیش کیا گیا جب کہ آرمی چیف نے ہیڈ کوارٹر میں یادگائے شہدا پر پھول چڑھائے۔
آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ، ایرانی صدر حسن روحانی اور ایرانی وزیر خارجہ جواد ظریف کے درمیان صدارتی محل میں اہم ملاقات بھی ہوئی جس میں ایرانی وزارت خارجہ کے اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔
اس دوران ایرانی قیادت نے آرمی چیف کے دورہ ایران پر ان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی قربانیوں اور کامیابیوں کا اعتراف کیا جب کہ خطے میں امن کے قیام کے لیے پاکستان کے مثبت کردار کو بھی سراہا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف کی ایرانی قیادت سے ملاقاتوں میں جیو اسٹریٹیجک، دفاع اور سیکیورٹی سمیت دوطرفہ اقتصادی تعاون پر بات چیت کی گئی جب کہ اس دوران افغانستان کی صورتحال، خطے میں داعش کے بڑھتے خطرات اور پاک ایران بارڈر سیکیورٹی کے معاملات بھی زیر غور آئے۔
آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے پاک ایران بارڈر کو دوستی اور امن کی سرحد قرار دیتے ہوئے اس کی بہتر سیکیورٹی مینجمنٹ پر زور دیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں