امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے حال ہی سعودی عرب میں ہونے والی اہم ترین گرفتاریوں کی حمایت کی ہے۔
منگل کو ٹوئٹر پر ایک پیغام میں انھوں نے کہا کہ’مجھے شاہ سلمان اور ان کے ولی عہد کی صلاحیتوں پر مکمل اعتماد ہے وہ بالکل جانتے ہیں کہ وہ کیا کر رہے ہیں۔‘
انھوں نے مزید کہا کہ ’جن کے ساتھ وہ بظاہر برا سلوک کر رہے ہیں وہی لوگ کئی سال تک ملک کا فائدہ اٹھاتے رہے ہیں۔‘
32 سالہ سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی قیادت میں انسداد بدعنوانی کمیٹی نے سنیچر کو 11 شہزادوں، چار وزرا اور کئی سابق وزرا کو حراست میں لینے کا حکم دیا تھا۔
گرفتار افراد میں بین الاقوامی طور پر معروف تاجر شہزادہ الولید بن طلال شامل ہیں۔
اس حکم کو ولی عہد کی طاقت میں اضافے کے طور پر دیکھا جا رہا ہے اور پیر کو گرفتاریوں کے بارے میں سعودی عرب کے اٹارنی جنرل نے کہا ہے کہ درجنوں شاہی شخصیات، وزرا اور کاروباری افراد کی گرفتاری دراصل بدعنوانی کے خلاف جاری مہم کا محض آغاز ہے۔
شیخ سعود المجیب نے ایک بیان میں ان گرفتاریوں کو ’بدعنوانی کو جڑ سے ختم کرنے کے لازمی عمل کا آغاز‘ قرار دیا۔
اٹارنی جنرل جنرل شیخ سعود المجیب کے بیان میں، تحقیقات سے متعلق کہا گیا کہ ان کا پہلا مرحلہ مکمل ہونے کو ہے۔
Load/Hide Comments