بولی وڈ کے دبنگ اداکار سلمان خان نے فلم ‘ریس 3’ میں اپنے کردار کی پہلی جھلک مداحوں کے ساتھ شیئر کردی۔
سلمان خان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے کردار کی تصویر پوسٹ کی اور ساتھ میں لکھا، ‘اور ریس 3 کا آغاز ہوگیا’۔
اس تصویر میں سلمان خان ہاتھ میں پستول پکڑے اسے سامنے کی جانب تانے کھڑے ہیں، انہوں نے کوئی یونیفارم پہن رکھا ہے، جس پر ایک بیج بھی لگا ہوا ہے
فلم ‘ریس’ اور ‘ریس 2’ کی ہدایات عباس مستان نے دی تھیں جب کہ ‘ریس 3’ کے ہدایت کار ریمو ڈی سوزا ہیں۔
‘ریس 3’ کی شوٹنگ کا آغاز گذشتہ ہفتے ہوا، جس میں سلمان خان اور جیکولین فرنینڈز ایک دوسرے کے مدمقابل کام کریں گے، اس سے قبل دونوں نے 2014 میں ریلیز ہونے والی فلم ‘کِک’ میں ایک ساتھ کام کیا تھا۔
واضح رہے کہ سلمان خان پہلی مرتبہ ریس کے کسی سیکوئل میں کام کرنے جارہے ہیں۔
انیل کپور وہ واحد اداکار ہیں، جو اس سے قبل فلم ‘ریس’ اور ‘ریس 2’ میں کام کرچکے ہیں جبکہ ‘ریس 3’ کی کاسٹ میں بھی وہ شامل ہیں۔
‘ریس 3’ اگلے برس دسمبر میں نمائش کے لیے پیش کی جائے گی۔
Load/Hide Comments