اوپن مارکیٹ میں طلب بڑھنے پر ڈالر 107 روپے 70 پیسے پر پہنچ گیا دوسری جانب فاریکس ایسوسی ایشن کے صدر کا کہنا ہےکہ ایشیائی ترقیاتی بینک سے 41 کروڑ 50 لاکھ ڈالرز ملنے اور بانڈز کی نیلامی سے زرمبادلہ ذخائر بڑھنے پر روپیہ مستحکم ہوجائے گا۔
فاریکس ایسوسی ایشن کے صدر ملک بوستان کا کہنا تھا کہ موجودہ صورتحال میں اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی طلب میں اضافہ ہوا ہے، جس سے اوپن مارکیٹ میں ڈالر 10 پیسے بڑھ کر 107 روپے 70 پیسے پر پہنچ گیا ہے۔
ملک بوستان نے عوام سے اپیل کی کہ ڈالر کی بلاوجہ خریداری نہ کریں۔انہوں نے کہا کہ بیرونی سرمایہ کاری میں اضافہ دیکھا جارہا ہے، پچھلی سہ ماہی کے مقابلے میں بیرونی سرمایہ کاری 40 کروڑ ڈالر سے بڑھ کر 90 کروڑ ڈالر تک پہنچ گئی ہے۔
ملک بوستان نے بتایا کہ ایک ہفتے میں ایشیائی ترقیاتی بینک نے پاکستان میں دو منصوبوں کے لیے 41 کروڑ 50 لاکھ ڈالر دینے کی منظوری دی ہے، دوسری جانب بیرون ممالک بانڈز کی نیلامی کا روڈ شو بھی کامیاب رہا ہے، جس سے ڈیڑھ سے دو ارب ڈالر متوقع ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ان اقدامات کے سبب ملکی زرمبادلہ کے ذخائر میں نمایاں اضافہ ہوگا۔
Load/Hide Comments