ٹرمپ بھی تحریک انصاف کے نقشِ قدم پر ، اب تک کا سب سے بڑا یوٹرن لے لیا

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے شمالی کوریا کے سربراہ کم جونگ ان سے منسوخ ہونے والی ملاقات دوبارہ کرنے کا اعلان کردیا ہے۔ دونوں رہنماﺅں کی ملاقات پہلے سے طے شدہ شیڈول کے مطابق 12 جون کو ہوگی۔
شمالی کوریا کے مندوب جنرل کم یونگ چول ان دنوں امریکہ کے دورے پر ہیں جہاں وہ اعلیٰ حکام سے ملاقاتیں کررہے ہیں۔ انہوں نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے بھی ملاقات کی اور انہیں شمالی کوریا کے رہنما کی جانب سے لکھا گیا خط پیش کیا۔ پہلے صدر ٹرمپ نے کہا تھا کہ یہ خط بہت دلچسپ ہے، تاہم بعد میں اعتراف کیا کہ ابھی انھوں نے اسے نہیں کھولا۔انھوں نے کہا کہ سنگاپور میں ہونے والی سربراہی ملاقات میں کوریا کی جنگ کے باضابطہ خاتمے پر بات ہو سکتی ہے۔1950 اور 1953 کے دوران ہونے والی اس جنگ کا خاتمہ صلح سے ہوا تھا لیکن آج تک حتمی امن معاہدہ طے نہیں پا سکا۔صدر ٹرمپ نے صحافیوں کو بتایا کہ ان کی کم جونگ ان سے 12 جون کو سنگاپور میں ملاقات ہو رہی ہے، ہم ان کے لوگوں کو اچھی طرح جان گئے ہیں۔خیال رہے کہ 72 سالہ جنرل کم یونگ چول ماضی میں کوریائی مذاکرات میں اہم کردار ادا کر چکے ہیں۔جب وہ ملٹری انٹیلیجنس کے سربراہ تھے تو ان پر الزام لگایا گیا تھا کہ جنوبی کوریا کے اہداف پر حملوں کے پیچھے وہی تھے، ان میں جنوبی کوریا کے بحری جہاز پر حملہ بھی شامل ہے جس میں 46 افراد مارے گئے تھے۔ اس کے ساتھ ساتھ ان پر 2014 میں سونی پکچرز کی ہیکنگ کا الزام بھی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں