دنیا کی صف اول کی ایئرلائن ایمریٹس نے اپنے نئے جہازوں سے کھڑکیاں ہٹانے کا فیصلہ کیا ہے۔
فضائی سفر کے دوران ہر انسان کوشش کرتا ہے کہ اسے ’ونڈو سیٹ‘ ملے تاکہ وہ سفر کے ساتھ ساتھ بیرونی مناظر سے بھی لطف اندوز ہوتا رہے جب کہ اکثر اوقات ’ونڈو سیٹ‘ نہ ملنے پر لوگ احتجاج بھی کرتے ہیں اور کبھی کبھار ساتھ بیٹھے شخص سے اپنی نشست بدلنے کی درخواست بھی کرتے ہیں تاہم متحدہ عرب امارات کی فضائی کمپنی ایمریٹس نے اب اپنے جہازوں سے کھڑکیاں ہٹانے کا فیصلہ کیا ہے۔عرب میڈیا رپورٹس کے مطابق دنیا کی صف اول کی ایئرلائن ایمریٹس نے کھڑکیوں کے بغیر جہاز لانے کا فیصلہ کیا ہے جس کی بنیادی وجہ جہاز کی رفتار میں تیزی لانا ہے جب کہ یہ فیصلہ جہاز کے وزن میں کمی اور اس کی توانائی بڑھانے کے لیے کیا گیا ہے۔ایمریٹس کے صدر ٹم کلارک نے اپنے حالیہ انٹریو میں اس بات کا اشارہ دیا کہ جدید ترین جہاز کھڑکیوں کے بغیر ہوسکتے ہیں اور مسافروں کو مجازی کھڑکیوں (ورچوئل ونڈوز) کی سہولت فراہم کی جائے گی جو انہیں ایک کیمرے کی مدد سے باہر کے مناظر ہو بہو اسکرین پر دکھائیں گی۔واضح رہے کہ ایئرلائن نے گزشتہ سال نومبر میں اپنے بوئنگ طیارے 777 کے فرسٹ کلاس کیبن میں ورچوئل ونڈوز لگانے کا پلان ظاہر کیا تھا جو اب لگادی گئی ہیں، جن کی مدد سے فرسٹ کلاس کے مسافر اصلی کھڑکی کے بغیر بھی باہر کے مناظر سے لطف اندوز ہوسکتے ہیں۔
Load/Hide Comments