پائلٹ کی غلطی سے طیارہ اغوا کا الارم، مسافروں میں خوف و ہراس

نیویارک….. جان ایف کینیڈی ایئرپورٹ پر غلط کوڈ استعمال کرنے کیو جہ سے طیارے کو اغوا کرنے کا پیغام کنٹرول روم کو پہنچ گیا۔ اس کے بعد مسلح پولیس اہلکار جیٹ بلیو کے طیارے میں سوار ہوگئے۔ مسافروں میں خوف وہراس پھیل گیا اور ہر ایک مسافر کی تلاشی لی جانے لگی۔ اس وقت طیارہ پرواز کیلئے تیار تھا۔ بعد میں پتہ چلا کہ ریڈیو کے آلے کے ساتھ اس وقت مسئلہ پیدا ہوا جب طیارہ ایئرپورٹ پر ٹیکسی کررہا تھا۔ تحقیقات سے یہ بھی معلوم ہوا کہ طیارے کا ریڈیو نظام خراب ہوگیا اور طیارے کا پائلٹ ایئرٹریفک کنٹرولر سے کئی منٹ تک رابطے میں نہیں رہ سکا۔ نیویارک پوسٹ اور دیگر کئی ذرائع ابلاغ نے بتایا کہ جیٹ بلیو کے پائلٹ نے غلطی سے ایئر ٹریفک کنٹرول کو پیغام بھیج دیا تھا کہ اسکا طیارہ اغوا کرلیا گیا ہے۔ اگرچہ وہ ایئر ٹریفک کنٹرولر کو بتانا چاہتا تھا کہ اس کے ریڈیو کا کوئی مسئلہ ہوا ہے مگر اس نے ہائی جیکنگ کا کوڈ دبا دیا۔ نیویارک ڈیلی نیوز نے ایک ذریعے کے حوالے سے بتایا کہ ایک مرحلے پر پائلٹ کاغذ کے ایک ٹکڑے پر اپنا موبائل فون نمبر لکھ کر کھڑا ہوا تھا۔ وہ یہ نمبر پولیس کو دینا چاہتا تھا کہ تاکہ اسے بتا سکے کہ کیا مسئلہ پیدا ہوا ہے۔ جیٹ بلیو کی خاتون ترجمان نے اس واقعہ کو ’’غلط الارم‘‘ سے تعبیر کیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں