ماں نے بچے کو گم ہوجانے سے بچانے کیلئے ہاتھ پر اپنا فون نمبر کندہ کردیا

بیجنگ…. بچوں کی سب سے زیادہ فکر مائوںکو ہوتی ہے اور وہ اس بات کو ہر قیمت پر یقینی بنانا چاہتی ہیں کہ انکا بچہ گم نہ ہوجائے۔ اسکے لئے وہ اکثر طرح طرح کی ترکیبیں استعمال کرتی ہیں۔ اس سلسلے کی ایک کڑی اس وقت دیکھی گئی جب ایک ماں نے اپنے ننھے بچے کے ہاتھ پر اس خیال سے اپنا موبائل نمبر کندہ کرادیا کہ اگر وہ ادھر ادھر چلا جائے تو لوگ خاتون کو خبر کرسکیں۔ لڑکے کے ہاتھ پر جہاں نیا نمبر کندہ کیا گیا اس کے اوپر ہی ماں کا پرانا نمبر بھی روشنائی سے لکھا ہوا نظر آیا۔ ماں کا کہناتھا کہ یہ بچہ ذہنی طور پر کمزور ہے اور اسی وجہ سے اسے خطرہ ہے کہ کہیں وہ گم نہ ہوجائے اور کہیں ایسی جگہ نہ چلا جائے کہ لو ٹ کر واپس آنا اسکے لئے مشکل نہ ہوجائے۔ اطلاعات کے مطابق بچے کی عمر 17سال ہوچکی ہے جو بلوغت کی عمر سمجھی جاتی ہے مگر ذہنی کمزوری کے باعث بچہ حقیقی معنوں میں ننھے بچوں کی طرح ہی برتائو کرتا ہے۔ پچھلے ہفتے یہ گم بھی ہوگیا تھا مگر پولیس نے اسے ڈھونڈ نکالا تھا اور اس کی اصل وجہ یہ ہوئی تھی کہ اس وقت بھی اس بچے کے ہاتھ پر ایک ٹیلیفون نمبر لکھا ہوا تھا جو کسی قلم سے لکھا گیا تھا مگر اس بار ماں نے پکا کام کرایا اور اسکے ہاتھ پر نیا نمبر ٹیٹو کروا دیا۔ ماں کا کہناہے کہ اس کے پاس اس کے سوا کوئی چارہ نہیں تھا جس سے وہ اپنے بچے کے گم ہونے کے امکانات کم یا ختم کرسکتی۔ یہ بچہ جنوب مغربی چین کا رہنے والا ہے۔3سال تک اسکا خاندان مشرقی چین میں رہا جہاں سے یہ لڑکا کئی بار گھر سے لاپتہ ہوگیا تھا۔ پریشانی کی وجہ سے یہ لوگ اپنا پرانا علاقہ چھوڑ کر اس نئے علاقے میں آباد ہوگئے تھے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں