کراچی: فیشن پاکستان ویک (ایف پی ڈبلیو) ونٹر فیسٹیول کے آخری روز نامور پاکستانی ڈیزائنر دیپک پروانی کے سولو شو میں ریمپ پر مہوش حیات کے بجائے ننھا ماڈل خضر اپنے منفرد معصوم انداز کی بدولت مرکزِ نگاہ بن گیا۔دیپک پروانی کے فیشن انڈسٹری میں 24 برس مکمل ہونے پر ایف پی ڈبلیو کے آخری روز ایک سولو شو ہوا، جس میں مہوش حیات اور عدنان صدیقی بطور شو اسٹوپر جلوہ گر ہوئے۔اس موقع پر جب مہوش حیات ریمپ پر واک کے لیے آئیں تو ان کے ساتھ 5 سالہ خضر بھی دولہا کے لباس میں اسٹیج پر آیا اور سب کی توجہ اپنی جانب مبذول کروالی۔اسٹیج پر اُس وقت دلچسپ صورتحال نظر آئی، جب خضر مہوش کے پیچھے آکر چھپ گیا، لیکن پھر مہوش نے اسے آگے بڑھایا اور اس کے بعد خضر نے پیچھے مڑ کر نہیں دیکھا۔ہاتھوں میں گلاب کی پتیوں سے بھرا پیالہ اٹھائے اس ننھے ماڈل نے اتنی سنجیدگی سے واک کی کہ دیکھنے والوں کے چہروں پر مسکراہٹ بکھر گئی۔یہی نہیں خضر کی ریمپ واک کی ویڈیو سوشل میڈیا پر بھی وائرل ہو رہی ہے، جسے بے حد پسند کیا جارہا ہے۔صارفین نے خضر اور مہوش کی ریمپ واک پر دلچسپ تبصرے بھی کیے۔انسٹاگرام پر ایک صارف نے لکھا، ’کوئی مہوش کو دیکھ ہی نہیں رہا‘۔
حورین نامی ایک صارف نے تبصرہ کیا، ’خضر مکمل طور پر شو کی زینت بن گیا‘۔مہوش حیات نے بھی فیشن شو میں خضر کی ریمپ واک کی ویڈیو شیئر کی اور انہیں اپنا ‘فی الحال دُلہا’ قرار دیتے ہوئے لکھا، ’ملیے فلاور بوائے سے، جس نے میرے ساتھ دیپک پروانی کے سولو شو میں واک کی’۔اداکارہ نے لکھا، ’خضر واقعی شو کی رونق تھا،جس نے سب کے دل جیت لیے، اس کے تاثرات انمول تھے‘۔مہوش حیات نے مزید کہا کہ ’سچ کہا جائے تو اس ساتھی اسٹار کے ساتھ مجھے اسٹیج پر ذرا بھی برا نہیں لگا‘۔