احد اور مومنہ کا ‘کوکورینا’ ایک کلاسک گانے کا ‘قتل عام’ ہے: شیریں مزاری

کوک اسٹوڈیو سیزن 11 میں پیش کیے گئے احد رضا میر اور مومنہ مستحسن کے گانے ‘کوکو رینا’ پر مداحوں کی تنقید کا سلسلہ تو جاری ہی تھا کہ اب اس میں وفاقی وزیر برائے انسانی حقوق شیریں مزاری نے بھی اپنا حصہ ڈال دیا۔کوک اسٹوڈیو سیزن 11 میں احد رضا میر کا ڈیبیو گانا ’کوکو کورینا‘ 19 اکتوبر کو ریلیز کیا گیا تھا، جس میں انہوں نے گلوکارہ مومنہ مستحسن کے ساتھ گلوکاری کی تھی۔’کوکو کورینا‘ لیجنڈری چاکلیٹی ہیرو وحید مراد پر فلمایا گیا احمد رشدی کا گانا ہے جو آج تک مقبول ہے، تاہم کوک اسٹوڈیو میں پیش کیا گیا اس گانے کا ریمیک ورژن مداحوں کو متاثر کرنے میں ناکام ہوگیا۔دوسری جانب شیریں مزاری نے کوکو اسٹوڈیو کا ‘کوکو کورینا’ سننے کے بعد سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر کے ذریعے اپنے جذبات کا ‘بھرپور انداز’ میں اظہار کیا۔پی ٹی آئی رہنما نے لکھا، ‘خوفناک! ایک عظیم کلاسک کو تباہ کر دیا گیا- کوک اسٹودیو نے اس کلاسک گانے کے اس طرح سے قتل عام کی اجازت آخر کیوں دی؟’

واضح رہے کہ شائقین نے جہاں احد رضا میر کی گلوکاری کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا، وہیں سب نے مل کر کوک اسٹوڈیو سیزن 11 کے پروڈیوسرز زوہیب قاضی اور علی حمزہ کو بھی آڑے ہاتھوں لیا۔دوسری جانب ’آفریں آفریں‘ گانے سے مشہور ہونے والی گلوکارہ مومنہ مستحسن کو بھی منفی تبصروں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔گانے کے سوشل میڈیا پر ریلیز ہوتے ہی صارفین کا کہنا تھا کہ اگر احد رضا میر اور مومنہ مستحسن اسٹائل سے زیادہ اپنی گلوکاری پر توجہ دیتے تو زیادہ بہتر ہوتا۔دوسری جانب صارفین کی جانب سے سوشل میڈیا پر گانے پر تبصروں اور میمز کا سلسلہ بھی جاری ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں