دوستوں کی محفل میں ایوب کھوسہ کی دلچسپ حرکت، سب کے موبائل تھیلے میں ڈال دیئے

موبائل فون ہم سب کی زندگیوں میں اتنی اہمیت اختیار کرچکے ہیں کہ جسے دیکھو، ہر وقت، ہر محفل میں اس چھوٹے سے آلے کی مدد سے باہر کی دنیا سے تو منسلک رہتا ہے، لیکن قریب موجود لوگ یکسر نظر انداز ہو رہے ہوتے ہیں۔لیکن اب کچھ لوگ فیملی یا دوستوں کی محفلوں میں ایسے طریقے بھی اپنا رہے ہیں کہ جس کے ذریعے موبائل فون کے سحر سے بچ کر اپنوں کے ساتھ معیاری وقت گزارا جاسکے۔ایسا ہی کچھ ٹی وی اداکار ایوب کھوسہ نے بھی کیا۔انٹرنیٹ پر ایوب کھوسہ کی ایک ویڈیو گردش کر رہی ہے، جس میں دوستوں کے ساتھ کسی ریسٹورنٹ میں کھانا کھانے سے قبل انہوں نے سب کے موبائل فون لے کر اپنے پاس رکھ لیے۔ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ایوب کھوسہ نے وہاں موجود تمام افراد کے موبائل فونز لیے اور اپنے موبائل کے ساتھ انہیں ایک پلاسٹک کے تھیلے میں ڈال کر گرہ لگادی۔اس موقع پر وہ کہتے نظر آئے، ‘بھائی مجلس کرو، کھانا کھاؤ، سب کے سب موبائل کے ساتھ لگے ہوئے ہو’۔ویڈیو کے پس منظر میں آواز آئی کہ جو شخص ویڈیو بنا رہا ہے، اس کا بھی موبائل لیا جائے، جس پر ایوب کھوسہ نے ویڈیو بنانے والے شخص کا موبائل فون بھی چھین لیا۔اگرچہ یہ معلوم نہیں ہوسکا کہ یہ ویڈیو کس وقت اور کس مقام پر بنائی گئی، تاہم ایوب کھوسہ کے اس عمل نے لوگوں کو یہ پیغام ضرور دیا ہے کہ اہلخانہ یا دوستوں کی محفلوں میں موبائل فون کے سحر سے نکل کر ایک دوسرے کو وقت دینا کچھ بہت زیادہ مشکل امر نہیں، بس اس کے لیے ایک ‘پلاسٹک کے تھیلے’ کی ضرورت ہے، جس میں تمام موبائل جمع کیے جاسکیں!

اپنا تبصرہ بھیجیں