’مس پاکستان ورلڈ‘ پاکستانی فلم اور فیشن انڈسٹری میں کام کرنے کی خواہشمند

’مس پاکستان ورلڈ‘ کا اعزاز اپنے نام کرنے والی پاکستانی نژاد برطانوی ماڈل انزلیکا طاہر نے پاکستانی فلم اور فیشن انڈسٹری میں کام کرنے کی خواہش کا اظہار کردیا۔یوکرائن میں مقیم ماڈل انزلیکا طاہر نے جیو نیوز سے خصوصی گفتگو میں بتایا کہ انہوں نے 16 برس کی عمر میں ماڈلنگ کی دنیا میں قدم رکھا اور اسے کیریئر بنانے کا عزم کیا۔اس دوران انہوں نے سوچا کہ یوکرائن مقابلہ حسن کی انڈسٹری بہت بڑی ہے، یہی سوچ کر انہوں نے پاکستانی مقابلہ حسن کو تلاش کیا اور مِس پاکستان ورلڈ میں حصہ لیا جس کی ڈائریکٹر سونیا احمد تھیں اور یوں 2015 میں انہوں نے ’مس پاکستان ورلڈ‘ کا خطاب اپنے نام کیا۔انہوں نے بتایا کہ وہ اپنے آپ کو ایک عالمی شخصیت کے طور پر دیکھنا چاہتی ہیں اور لالی وڈ سمیت بالی وڈ میں بھی کام کرنا چاہتی ہیں۔ماڈل انزلیکا نے پاکستانی فلم انڈسٹری کو سراہتے ہوئے کہا کہ ‘پاکستان کی فلم نگری نے گزشتہ برسوں میں تیزی سے معیار کو بڑھایا ہے اور ٹریلرز دیکھ کر پتہ چلتا ہے کہ فلموں پر زبردست محنت کی جارہی ہے، میں بھی پاکستانی فلموں میں کام کرنے کی شائق ہوں’۔انہوں نے پاکستانی فیشن انڈسٹری کو بھی قابل ستائش قرار دیا اور کہا کہ ‘پاکستانی فیشن انڈسٹری ایک بڑا نام بنا چکی ہے، مجھے موقع ملے گا تو میں یہاں ضرور کام کروں گی اور امید ہے کہ اس برس مارچ میں پاکستان کا دورہ کروں’۔گفتگو کے دوران جب ماڈل سے پوچھا گیا کہ انہیں کون سے پاکستانی اسٹارز اچھے لگتے ہیں تو انہوں نے جواب دیا کہ ‘ماہرہ خان اور فواد خان دونوں ان کے پسندیدہ اسٹارز ہیں اور وہ ان کے ساتھ کام کرنے کی بھی خواہشمند ہیں’۔

اپنا تبصرہ بھیجیں