رنبیر کے سامنے اپنے ڈائیلاگز بھول جاتی ہوں، عالیہ بھٹ

بالی وڈ کی خوبرو اداکارہ عالیہ بھٹ اور اداکار رنبیر کپور اپنے قریبی تعلقات کے حوالے سے زیادہ گفتگو نہیں کرتے لیکن پھر بھی ان کے معاشقے کے چرچے زبان زد عام ہیں۔عالیہ بھٹ اس وقت اپنی نئی فلم ’گلی بوائے‘ کی تشہیر میں مصروف ہیں، جس میں وہ رنویر سنگھ کے ساتھ مرکزی کردار نبھا رہی ہیں۔بھارتی نیوز ویب سائٹ دکن کرونیکل کی رپورٹ کے مطابق فلم کی تشہیر کے دوران ایک انٹرویو میں عالیہ بھٹ نے رنبیر اور ان کے اہلخانہ کے حوالے سے دلچسپ گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ وہ اُن لوگوں کی کمپنی بہت انجوائے کرتی ہیں۔انہوں نے بتایا کہ رنبیر کی والدہ نیتو سنگھ ایک دوست کی طرح ہیں جبکہ رشی کپور کا اپنا ایک دلچسپ انداز ہے، جو بہت محظوظ کرتا ہے۔جب عالیہ سے رنبیر کپور کے حوالے سے پوچھا گیا تو انہوں نے کہا کہ ’میں نے رنبیر جیسا بہترین اور حقیقی اداکار نہیں دیکھا، یہ میں اس لیے نہیں کہہ رہی کیونکہ مجھے وہ پسند ہیں بلکہ ان کی شخصیت اور اداکاری سے ہر کوئی ہی متاثر ہے‘۔اداکارہ کا کہنا تھا کہ ’وہ بہت نرم مزاج اور بے فکر رہتے ہیں، لیکن جب سیٹ پر ہوتے ہیں تو ان کی تمام تر توجہ کام پر ہوتی ہے اور اس کے علاوہ وہ کہیں اور دھیان نہیں دیتے‘۔عالیہ کا کہنا تھا کہ ’مجھے عام طور پر اپنے ڈائیلاگز جلدی یاد ہوجاتے ہیں اور میں پرفارمنس دیتے ہوئے اپنی لائنز نہیں بھولتی لیکن جب میں رنبیر کو دیکھتی ہوں تو اُس وقت میں اپنے ڈائیلاگز بھول جاتی ہوں کیونکہ رنبیر جب بھی کوئی تاثر دیتے ہیں تو میں انہیں دیکھتی رہ جاتی ہوں، ان کی آنکھوں میں بہت سچائی اور سادگی ہے‘۔

اپنا تبصرہ بھیجیں