امریکا کا میر شکیل الرحمان کی گرفتاری پر تشویش کا اظہار

امریکا نے جنگ اور جیو گروپ کے ایڈیٹر انچیف میر شکیل الرحمان کی قومی احتساب بیورو (نیب) کے ہاتھوں گرفتاری پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔امریکا کی نائب معاون وزیر خارجہ برائےجنوبی اور وسطی ایشیا ایلس ویلز نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ امریکا نے پاکستان کی سب سے بڑی میڈیا کمپنی کے مالک کی گرفتاری کو تشویش کے ساتھ نوٹ کیا ہے۔ایلس ویلز نے مزید کہا کہ میڈیا کی آزادی، شفاف قانونی عمل اور قانون کی حکمرانی ہر جمہوریت کے لیے ستون ہے۔امریکا کے علاوہ دیگر عالمی صحافتی تنظیموں اور اداروں نے بھی میر شکیل الرحمان کی گرفتاری پر سخت تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ان کی رہائی کا مطالبہ کیا ہے۔پاکستان مسلم لیگ ن، پاکستان پیپلز پارٹی کی سینئر قیادت اور ہیومن رائٹس کمیشن آف پاکستان نے بھی نیب کے اس اقدام پر اظہار افسوس کرتے ہوئے شدید مذمت کی ہے۔واضح رہے کہ قومی احتساب بیورو (نیب) نے 34 برس قبل مبینہ طور پر حکومتی عہدے دار سے غیرقانونی طور پر جائیداد خریدنے کے کیس میں جنگ گروپ کے ایڈیٹر انچیف میر شکیل الرحمان کوحراست میں لیا ہے جس کے تمام الزامات جھوٹے ثابت ہوچکے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں