خودکش بمباروں نے کابل کے علاقے شور بازار میں گوردوارے پر حملہ کیا
کابل(آئی این پی) افغان دارالحکومت میں سکھوں کے گوردوارے پر حملے میں 11 افراد ہلاک ہوگئے۔افغان میڈیا کے مطابق خودکش بمباروں نے کابل کے علاقے شور بازار میں ایک گوردوارے پر حملہ کیا جس کے نتیجے میں کم از کم 11 افراد کی ہلاکت ہوئی ہے۔افغان وزارت داخلہ نے بتایا کہ حملہ مقامی وقت کے مطابق صبح تقریباً پونے 8 بجے کیا گیا جس کی اطلاع ملتے ہی فورسز کی بھاری نفری علاقے میں پہنچ گئی۔افغان وزارت داخلہ کی جانب سے ابتدائی طور پر حملے میں 3 خودکش بمباروں کے ملوث ہونے کی اطلاع دی گئی ہے جن میں سے ایک کو فورسز نے ہلاک کردیا ہے۔افغان میڈیا کے مطابق گوردوارے کے ایک منتظمین کا بتانا ہیکہ حملے کے وقت دھرم شالا میں تقریباً 150 افراد موجود تھے۔افغان میڈیا کے مطابق حملے کے وقت علاقے میں دھماکوں کی آوازیں بھی سنی گئیں جب کہ فورسز نے حملے میں زخمی افراد کو ایمبولینسز کے ذریعے اسپتالوں میں منتقل کرنا شروع کردیا ہے۔مقامی سیکیورٹی حکام نے حملے کے نتیجے میں 4 افراد کے ہلاک اور 7 کے زخمی ہونے کی تصدیق کی ہے۔افغان میڈیا کے مطابق فوری طور پر کسی گروپ کی جانب سے حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی گئی ہے۔
کابل حملہ
Load/Hide Comments