مصر میں ایک ٹیکسی کی ڈگی سے نکل کر گاڑی کے اندرونی حصے میں داخل ہونے والا سانپ 5 افراد کی موت کا سبب بن گیا۔
مقامی میڈیا کے مطابق انتہائی زہریلا کالا کوبرا ٹیکسی کی ڈگی میں موجود ایک کاٹن میں بند تھا جو کسی طرح وہاں سے نکلنے میں کامیاب ہو گیا اور ٹیکسی کے نچلے حصے پر رینگتا ہوا ڈرائیور تک پہنچا اور اسے ڈس لیا۔
سانپ کے کاٹنے کے فوری بعد ڈرائیور نے ٹیکسی سے چھلانگ لگا دی جس کے باعث ٹیکسی پہلے کنکریٹ کے بیرئیر سے ٹکرائی اور پھر ایک اور گاڑی سے ٹکرا گئی۔
حادثے میں ٹیکسی میں بیٹھے 4 مسافر ہلاک ہو گئے جبکہ سانپ کے کاٹنے سے ڈرائیور بھی جان کی بازی ہار گیا۔
ٹیکسی میں موجود مسافروں کے اہلخانہ نے حادثے کا ذمہ دار ڈرائیور کو ٹھہراتے ہوئے کہا کہ وہ اس بات سے آگاہ تھا کہ گاڑی میں انتہائی زیریلا سانپ موجود ہے لیکن اس کے باوجود اس نے احتیاطی تدابیر اختیار نہیں کیں۔