اومی کرون

اومی کرون سے متاثرہ مریض چکمہ دیکر ملک سے فرارحکام کی دوڑیں

نئی دہلی: عالمی وبا قرار دیے جانے والے کورونا وائرس کے نئے ویریئنٹ اومی کرون سے متاثرہ مریض چکمہ دے کر ملک سے فرار ہو گیا جس کے بعد پولیس سمیت دیگر متعلقہ اداروں کی دوڑیں لگ گئیں۔

ملک میں شناخت ہونے وال اومی کرون کا پہلا متاثرہ 66 سالہ مریض قرنطینہ سینٹر کے بعد ملک سے بھی فرار ہو گیا ہے۔ یہ واقعہ بھارتی ریاست کرناٹک میں پیش آیا ہے۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق 20 نومبر کو جنوبی افریقہ سے کرناٹک پہنچنے والے دو افراد میں اومی کرون ویریئنٹ کی تشخیص ہوئی تھی جس کے بعد انہیں ہوٹل میں ٹھہرایا گیا تھا جن میں سے ایک مریض ملک سے ہی فرار ہو گیا ہے۔ ریاست کے وزیر صحت کا کہنا ہے کہ فرار ہونے والے شخص سے رابطے میں دس افراد آئے تھے جنہیں شناخت کرلیا گیا ہے اور ان کے ٹیسٹ بھی کیے گئے ہیں جو منفی آئے ہیں۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق ملک سے فرار ہونے والے متاثرہ شخص کا قرنطینہ سینٹر میں سرکاری ڈاکٹر نے معائنہ بھی کیا تھا اور انہوں نے تصدیق کی تھی کہ اس میں کورونا کی علامات ہیں۔ ڈاکٹر کی ہدایت پر متاثرہ شخص کو سیلف آئی سولیشن کے لیے کہا گیا تھا۔ اومی کرون سے متاثرہ شخص کا ایک مرتبہ پھر سیمپل ٹیسٹ کے لیے لیا گیا تو دوسرے دن اس نے پرائیوٹ لیب سے ٹیسٹ کرایا اور منفی رپورٹ ایئرپورٹ حکام کو دکھا کر ملک سے فرار ہو گیا۔

اس شخص کے ٹیسٹ کی جب سرکاری رپورٹ آئی تو اس میں تصدیق ہوئی کہ وہ اومی کرون سے متاثرہ مریض ہے۔ ملک سے فرار ہونے والے متاثرہ شخص کی بابت میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ وہ جوہانسبرگ کی ایک ادویہ ساز کمپنی کا نمائندہ بھی ہے۔

بھارتی حکام اور پولیس کی متاثرہ شخص کے فرار ہونے کی اطلاع پر دوڑیں لگ گئی ہیں لیکن اس وقت وہ ہاتھ ملنے کے سوا کچھ نہیں کرسکتے ہیں۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق بھارتی حکام اور پولیس فرار ہونے والے شخص سے رابطے میں آنے والے افراد کو شناخت کر رہے ہیں اور جس ملک کا اس نے سفر کیا ہے وہاں کے حکام سے رابطے کی کوشش میں مصروف ہیں تاکہ اسے تحویل میں لے کر قرنطینہ کرایا جا سکے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں