انقرہ: ترک صدر رجب طیب اردگان نے شرح سود میں اضافے سے انکار کرتے ہوئے کہا ہے کہ میں وہ کروں گا جو دین کہے گا۔
ترک صدر رجب طیب اردگان نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ میں وہی کام کروں گا جو ہمارا دین کہتا ہے اور شرح سود میں کسی صورت اضافہ نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ مجھے سے شرح سود میں اضافے کی کوئی امید نہ کی جائے کیونکہ ایک مسلمان ہونے کے ناطے میں اسلامی تعلیمات کے تحت کام کرتا رہوں گا۔
واضح رہے کہ ترکی کی کرنسی لیرا میں گراوٹ ہو رہی ہے اور ان حالات میں ترک صدر سے شرح سود میں اضافے کا مطالبہ کیا گیا تھا جس پر انہوں نے اعلان کیا کہ شرح سود میں اضافہ نہیں ہو گا۔ ترک صدر کی جانب سے نئے مالیاتی نظام کے اعلان کے بعد دم توڑتے لیرا نے اونچی پرواز پکڑ لی ہے۔ ترک صدر طیب اردگان کی جانب سے بینکوں میں پڑے ترک لیرے کی قدر و قیمت کی گارنٹی کا اعلان کیا گیا تھا جس کے بعد صرف چند گھنٹوں میں لیرا کی قدر میں ڈالر کے مقابلے میں 20 فیصد سے زائد کا اضافہ ہو گیا۔
ترک صدر کی نئی مالیاتی پالیسی کے تحت اکاؤنٹ ہولڈر کو لیرا میں کرنسی رکھنے پر ڈالر ایکسچینج ریٹ پر تحفظ فراہم کیا گیا ہے اور ترکش لیرا کو ڈالر کے مقابلے میں گراوٹ کو بینک کور کریں گے اور بینک ڈیپازٹ تاریخ کے مطابق فرق اکاؤنٹ ہولڈرز کو دیا جائے گا۔