یوکرین

یوکرین پر روس کے حملے کی صورت میں ’فیصلہ کُن جواب‘ دیں گے

امریکی صدر جو بائیڈن نے ایک بار پھر اپنے یوکرین ہم منصب وولودیمیر زیلنسکی کو یقین دہانی کرائی ہے کہ روسی حملے کی صورت میں واشنگٹن ’فیصلہ کن جواب‘ دے گا۔

خبر ایجنسی اے ایف پی کے مطابق وائٹ ہاؤس سے جاری کیے گئے بیان میں بتایا گیا ہے کہ صدر بائیڈن نے وولودیمیر زیلنسکی سے ٹیلی فون پر گفتگو میں کہا کہ اگر روس نے یوکرین پر حملہ کیا تو امریکہ اور اس کے اتحادی جواب دیں گے۔ وائٹ ہاؤس کی پریس سیکریٹری جین ساکی نے بتایا کہ ’روس کی جانب سے یوکرین کی سرحد پر فوج جمع کرنے کی صورتحال میں امریکی صدر نے یوکرین کے صدر کو ساتھ دینے کی یقین دہائی کرائی ہے۔‘

یوکرین کی مدد کرنے کی یہ یقین دہائی اس بیان کے چند دن بعد سامنے آئی ہے جس میں صدر بائیڈن نے روس کے صدر کو یوکرین کے خلاف کسی بھی فوجی کارروائی کی صورت میں نتائج سے خبردار کیا تھا۔ بائیڈن سے فون پر گفتگو کے بعد یوکرین کے صدر نے ٹویٹ میں لکھا کہ وہ امریکی حمایت پر ان کے شکرگزار ہیں اور یہ دونوں ملکوں کے بہترین تعلقات کا ثبوت ہے۔

خیال رہے کہ جمعے کو صحافیوں سے بات چیت میں امریکی صدر جو بائیڈن نے کہا تھا کہ انہوں نے یوکرین کے معاملے پر روسی صدر ولادیمیر پوتن کو خبردار کیا ہے کہ روس کو ’بھاری قیمت‘ چکانا پڑے گی۔ انہوں نے کہا تھا کہ اگر روس یوکرین کے معاملے پر آگے بڑھتا ہے تو امریکہ یورپ میں اپنی موجودگی بڑھا دے گا۔

یاد رہے کہ یوکرین نے گزشہ ہفتے کہا تھا کہ اس کا ایک فوجی ماسکو کے حامی علیحدگی پسندوں کے ساتھ لڑائی میں ہلاک ہو گیا ہے۔ نئے سال کے آغاز پر اپنے خطاب میں یوکرین کے وولودیمیر زیلنسکی نے کہا کہ مشرق میں جنگ کا خاتمہ ان کا ’بنیادی مقصد‘ ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں