عمران خان

عمران خان جتنی مرضی کوشش کرلیں سیاسی شہید نہیں بن سکتا: بلاول بھٹو

چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹوزرداری نے قومی اسمبلی میں خطاب کے دوران کہا ہے عمران خان جتنی مرضی کوشش کرلیں سیاسی شہید نہیں بن سکتا۔

انہوں نے اسپیکر کو مخاطب کرکے کہا کہ آپ اس وقت نہ صرف توہین عدالت کر رہے ہیں بلکہ آئین شکنی میں بھی ملوث ہور ہے ہیں۔ آپ کا کپتان بھاگ رہا ہے، بھاگتے بھاگتے توہین عدالت اور آئین شکنی کر رہا ہے، عمران خان اکثریت کھو بیٹھے ہیں۔ تحریک عدم اعتماد کو بیرونی سازش کہنا جھوٹ ہے۔ ہزار کوشش کے باوجود عمران خان سیاسی شہید نہیں بن سکتا۔

عمران خان شفاف الیکشن سے ڈرتے ہیں اور سیاسی بحران پیدا کرکے ملٹری رول چاہتے ہیں۔ عمران خان سلیکٹڈ ہیں جو پہلے بھی فیض یاب ہوئے اور اب دوبارہ فیض یاب ہونا چاہتے ہیں۔ وزیراعظم عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد پر ایوان میں اظہار خیال کرتے ہوئے بلاول کا کہنا تھا کہ عدالت کے 5 رکنی بینچ نے حکم سنایا اور اس کے مطابق اس آرڈر کے علاوہ کسی اور ایجنڈہ آئٹم کو نہیں اٹھا سکتے ہیں۔ آپ اور اس سے پہلے اسپیکر نے بھی ایسا کیا۔ انہوں نے کہا کہ 3 اپریل کو ایک وزیر نے صرف وزیراعظم پاکستان، صدر پاکستان اور ڈپٹی اسپیکر کو آئین شکنی میں پھنسا دیا تھا اور آج کی کوشش کی وجہ نہ صرف وہ لوگ بلکہ اسپیکر اور آپ خود ان جرائم میں ملوث ہیں۔

اس موقع پر ڈپٹی چیئر نے کہا کہ عدالت پارلیمنٹ کے ڈومین میں مداخلت نہیں کر سکتی ہے۔ ایجنڈا اسپیکر، قومی اسمبلی اور حکومت کا ہوتا ہے۔ بلاول بھٹو نے کہا کہ آپ توہین عدالت کرتے ہوئے نااہل ہوجائیں گے۔ یہ پہلی مرتبہ نہیں ہے بلکہ اس سے پہلے بھی عدالت نے اسپیکر کی رولنگ کو اٹھا کر باہر پھینک دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس سے پہلے ایک اسپیکر صاحبہ اسی کرسی پر بیٹھی تھی۔ انہوں نے ایک فیصلہ سنایا، از خود نوٹس لیتے ہوئے اس کو مسترد کردیا گیا۔ ایک دفعہ پھر حکم آیا ہے، عدالت نے فیصلہ سنادیا ہے کہ آپ نے آج 3 اپریل کی کارروائی مکمل کرنی ہے اور ووٹنگ کروانی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں