سعودی عرب: کرپشن کے الزام میں گرفتار افراد کے اکاؤنٹس منجمد

ریاض: سعودی عرب کے مرکزی بینک نے کرپشن کے الزام میں گرفتار افراد کے 1200 اکاؤنٹس منجمد کردیئے۔ سعودی عرب میں کرپشن کے خلاف حالیہ کریک ڈاؤن میں 11 شہزادوں کے علاوہ درجنوں وزرا اور تاجروں کو گرفتار کیا گیا ہے جب کہ گزشتہ روز گرفتار افراد کی ہوٹل میں عارضی قید کی ویڈیو بھی منظرعام پر آئی جس میں گرفتار افراد کو فرش زمین پر سوتے دکھایا گیا ہے۔ سعودی میڈیا رپورٹس کے مطابق سعودی مرکزی بینک تقریباً 1200 افراد کے اکاؤنٹس منجمد کرچکا ہے تاہم ملزمان کی کمپنیوں کو اپنی سرگرمیاں جاری رکھنے کی اجازت ہے۔دوسری جانب سعودی ولی عہد محمد بن سلمان نےہدایات جاری کی ہیں کہ کرپشن الزام میں گرفتار افراد کے خلاف تحقیقات کا اثر ان کی کمپنیوں پر نہیں پڑنا چاہیے۔اپنے مراسلے میں ان کا کہنا تھا کہ سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال رکھنا بہت اہم اور ضروری ہے۔علاوہ ازیں امریکا نے سعودی ولی عہد کے اقدامات کی حمایت کرتے ہوئے کارروائی آزاد اور شفاف رکھنے کا مطالبہ کیا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں