جلد کو خوبصورت بنانے کے لئے اس پر مختلف چیزیں لگانے سے زیادہ اہم اس کی حفاظت کرنا ہے۔آپ کا طرز زندگی جلد کو صحت مند رکھنے کے لئے اہم کردار ادا کرتا ہے۔جلد کی حفاظت کے لیے جتنا ممکن ہو تیز دھوپ سے بچیں۔ موسم چاہے کتنا ہی اچھا کیوں نہ ہو الٹرا وائلٹ ریز کا اخراج جلد کو سخت نقصان پہنچاتا ہے۔اس صورت میں اگر آپ ایس پی ایف سن اسکرین کا استعمال نہیں کریں گے تو الٹرا وائلٹ بی شعائیں آپ کی جلد کی اوپری سطح کو جبکہ الٹرا وائلٹ اے شعائیں جلد کی اندرونی سطح کو نقصان پہنچاتی ہیں۔
بہت سے لوگوں کا خیال ہے کہ اچھی جلد کے لئے کلینزنگ کو بنیادی حیثیت حاصل ہے کلینزنگ جلد کی حفاظت کا ایک اہم حصہ ہے کیوں کہ اس سے گرد وغباراور میک اپ کی صفائی آسانی سے ہوتی ہے۔اس طرح جلد کو بہتر انداز میں آکسیجن حاصل ہوتی ہے اور جلد کی نمی برقرار رہتی ہے لیکن کلینزنگ کا مطلب یہ نہیں کہ صبح شام آپ اپنے چہرے کو کلینزر سے صاف کرتے رہیں۔بلاشبہ صابن والے کلینزر میں تیز ڈٹرجنٹ شامل ہوتے ہیں جن کے استعمال سے جلد کی قدرتی چکنائی ختم ہو جاتی ہے۔چکنائی کی یہ تہہ جلد کے اوپر موجود ہوتی ہے جو جلد کوماحول کی آلودگی سے بچاتے ہوئے اس کی نمی کو برقرار رکھتی ہے۔اگر چکنائی کی یہ تہہ ختم ہو جائے تو جلد خشک اور حساس ہو جاتی ہے۔اس لئے ضروری ہے کہ ایسے سخت کیمیکل کے استعمال سے بچا جائے بلکہ اس کی جگہ قدرتی اجزاء (چکنی مٹی)سے بنے کلینزر استعمال کریں۔یہ کلینزر آپ کی جلد کوتروتازہ بنادیں گے۔
آلودگی جلد کے لئے انتہائی نقصان دہ ہے۔شہری علاقوں میں گاڑیوں ،فیکٹریوں اور تعمیراتی کام سے اٹھنے والا گردوغبار،دھواں،تیزابی زرات اور دوسری آلودگیاں آب وہوا میں شامل ہوتی رہتی ہیں اور جب یہ ذرات جلد سے ٹکراتے ہیں تو یہ جلد میں داخل ہوکر سوزش،جلن اور خشکی کا باعث بنتے ہیں۔
ایسڈک اجزا پر مبنی فیس واش کا استعمال جلد کے مردہ خلیوں کو ختم کرکے ، جلد کو چمکدار اور ترو تازہ بناتا ہے لیکن ان ایسڈ کا حد سے زیادہ استعمال فائدہ پہنچانے کے بجائے نقصان پہنچانے لگتا ہے۔اس سے باریک اور سرخ جلد کی حساسیت اور زیادہ بڑھ جا تی ہے۔اس لئے چہرے کی صفائی کے لئے ایسی پراڈکٹس کا استعمال کریں جن میں بیٹا ہائڈرو اوکسی ایسڈ موجود ہو۔یہ جلد کو نقصان پہنچائے بغیر اسے چمکدار بناتا ہے۔یہ جلد کے مردہ خلیات کی تہہ کو نرمی کے ساتھ صاف کرکے نئے خلیوں کی جگہ بناتے ہیں۔
پانی کی کمی بھی جلد کو متاثر کرتی ہے۔پانی کی کمی کی وجہ سے جلد خشک اور بدرنگ ہو جاتی ہے۔دن بھر میں پانی کی زیادہ مقدار پی کر اپنی جلد کو نرم ملائم اور ترو تازہ بنا سکتے ہیں۔
Load/Hide Comments