رہنما تحریک انصاف سردار تنویر الیاس کی باغ دبنگ انٹری ، حلقے کا سیاسی نقشہ بدل کر رکھ دیا ، ہر سو تیری آواز ، میری آواز تنویر الیاس تنویر الیاس کے نعرے ، والہانہ استقبال، کارکنوں کا ڈھول کی تھاپ پر رقص، جگہ جگہ پھولوں کی پتیاں نچھاور کی گئیں، الیکشن دفتر کا افتتاح جلسہ عام میں تبدیل ۔ عمران خان کے ساتھ اس لیے کھڑا ہوں کیونکہ وہ اندر اور باہر سے پاکستانی ہے، آزاد کشمیر میں تعمیر و ترقی کے نئے دور کا آغاز ہوگا،سردار تنویر الیاس کا باغ میں سافٹ ویئر پارک ، آئی ٹی یونیورسٹی ، کیڈٹ کالج اور باغ کے نوجوانوں کو 5 ہزار نوکریاں دینے کا اعلان
تحریک انصاف کے رہنما سردار تنویر الیاس کا باغ پہنچنے پر کارکنوں کی جانب سے والہانہ استقبال کیا گیا، ہاڑی گہل سے باغ تک جگہ جگہ کارکنوں کا والہانہ استقبال، ہاڑی گہل اور باغ میں الیکشن آفس کا افتتاح کیا، باغ لاری اڈے پر استقبال کیلئے ہزاروں کارکنوں امڈ آئے، دفتر کا افتتاح جلسہ گاہ میں تبدیل ، آتشبازی کا زبردست مظاہرہ
تفصیلات کے مطابق تحریک انصاف کے رہنما سردار تنویر الیاس کے باغ پہنچنے پر تاریخی استقبال کیا گیا، سردار تنویر الیاس بنگوئیں سے ہاڑی گہل پہنچے جہاں الیکشن آفس پہنچنے پر کارکنوں کی بڑی تعداد نے ان کا استقبال کیا، سردار تنویر الیاس نے ہاری گہل الیکشن آفس کا افتتاح کیا
اس موقع پر تحریک انصاف کے رہنما افتخار رشید، سردار طاہر اقبال، راجہ امتیاز طاہر اور دیگر موجود تھے، سردار تنویر الیاس کو بڑی ریلی کی شکل میں نعمان پورہ لایا گیا جہاں ہزاروں کارکنوں نے ان کا استقبال کیا، کارکنان نے پھولوں کی پتیاں نچھاور کیں اور ڈھول کی تھاپ پر رقص کیا، نعمان پورہ کے مقام پر ملوٹ، بنگراں اور دیگر علاقوں سے قافلے بھی ریلی میں شامل ہوگئے،
بنی پساری پہنچنے پر کارکنوں کی جانب سے زبردست استقبال کیا گیا، ریلی رات کے وقت باغ شہر میں داخل ہوئی جہاں پر بڑی تعداد میں کارکنان موجود تھے، سردار تنویر الیاس نے باغ میں الیکشن آفس کا افتتاح کیا، کارکنان کی جانب سے تیری آواز میری آواز تنویر الیاس تنویر الیاس اور وسطی کی مجبوری ہے تنویر الیاس ضروری ہے کے نعرے لگائے گئے،
لاری اڈہ باغ میں بڑے عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے سردار تنویر الیاس کا کہنا تھا کہ جس والہانہ انداز سے میرا استقبال ہوا میں سب کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں، وسطی باغ میں جب بھی آیا سردار صغیر چغتائی کے ساتھ آیا، پہلی بار سردار صغیر چغتائی کے بغیر باغ آیا ہوں، باغ اور آزاد کشمیر کے قد آور لوگ میرے ساتھ ہیں ان سے تعلق پرانا ہے، ان کا کہنا تھا کہ مجھے جس نے پانی کا گلاس پلایا وہ بھی مجھے یاد ہے میں احسان فراموش نہیں ہوں،
عمران خان کے ساتھ اس لیے کھڑا ہوں وہ اندر باہر سے پاکستانی ہے، عمران خان نے پاکستانی ہونے پر فخر کرنے کا کلچر متعارف کرایا، عمران خان شلوار قمیض میں امریکی صدر کے سامنے فخر سے بات کرتا ہے، عمر ان خان نے قومی لباس پہن کر پوری دنیا میں کشمیریوں پر مظالم اور اسلام فوبیا کیخلاف بات کی، عمران خان نے قوم کو اپنی زبان اور کلچر پر فخر کرنا سکھایا، عمران خان نے دنیا سے پیسہ اکھٹا کرکے پاکستان میں شوکت خانم کی بنیاد رکھی، قوم کو وہی آگے لے جا سکتا جو اندر باہر سے پاکستانی ہو،
ان کا کہنا تھا کہ کے پی حکومت نے سب سے زیادہ مدرسہ ریفارمز پر کام کیا، عمران خان کشمیر میں ٹورازم اور ہائیڈرل کے فروغ میں دلچسپی رکھتے ہیں، صحت کارڈ صرف باہر کے ملکوں میں تھا، عمران خان نے یہ منصوبہ شروع کیا اور آج آزاد کشمیر کے ہر شخص کے پاس صحت کارڈ موجود ہے، سردار تنویر الیاس نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کے کٹہ اور جانوروں کی افزائش کے ویژن کا مذاق اڑایا گیا، لیکن نوجوانوں کیلئے اہم بات ہے وزیر اعظم کے ویژن پر عمل کرنے والے آج کامیاب ہیں،حکومت بنائیں یا نہ بنائیں لیکن باغ میں آئی ٹی پارک ضرور بناوں گا جہاں نوجوانوں کو روزگار کا موقع ملے گا،
انہوں نے کہا کہ بھارت آئی ٹی کے شعبے کی برآمدات کے حوالے سے آگے نکل گیا،آئی ٹی پارک کے ذریعے نوجوان اپنے اور ملک کے لئے زرمبادلہ کما سکتے ہیں،بحثیت وزیر اعلی کے معاون خصوصی میں نے لاہور میں آئی ٹی پارک بنانے کا منصوبہ بنایا ہے،سی فوڈ کے حوالے سے آزاد کشمیر میں بڑا پوٹینشل موجود ہے،تھائی لینڈ نے سی فوڈ کی پیداوار کو 3 ارب ڈالر سے 15 ارب ڈالر تک لے گیا،انہوں نے کہا کہ ، پورے آزاد کشمیر اور بالخصوص باغ میں آئی ٹی پارکس بنائیں گے،حکومت کا حصہ ہوں یا نہ ہوں باغ میں آئی ٹی سافٹ وئیر پارک ضرور بناؤں گا،
باغ کے لوگوں کو روزگار کی فراہمی کی منصوبہ بندی کر لی ہے باغ کے پانچ ہزار نوجوانوں کو ملازمتیں فراہم کریں گے،باغ میں آئی ٹی سافٹ وئیر پارک کے قیام سے نوجوان اپنے شہر میں 10 سے 12 ہزار ڈالر کما سکتے ہیں، سردار تنویر الیاس کا کہنا تھا کہ باغ میں آئی ٹی پارک کے ساتھ ضرورت پیش آئی تو آئی ٹی یونیورسٹی بھی بنائیں گے، میری خواہش ہے کہ باغ میں کیڈٹ کالج ہو، ہم باغ اور پورے آزاد کشمیر کو آگے لیکر جانا چاہتے ہیں ، آزاد کشمیر میں تعمیر و ترقی کا آغاز کریں گے،
ان کا کہنا تھا کہ عمران خان کے نظریے کو آگے لیکر چل رہے ہیں، سب کو ساتھ لیکر چلیں گے، پارٹی نے باغ کی تنظیم کو پارٹی پالیسی پر تحلیل کرنے کی تجویز دی میں نے انکار کردیا،
جلسے سے خطاب کرتے ہوئے تحریک انصاف کے رہنما افتخار رشید کا کہنا تھا کہ پراشوٹر کا پروپیگنڈہ کرنے والے ناکام ہوگئے، تنویر الیاس کل بھی باغ والے تھے آج بھی باغ والے ہیں، باغ سمیت پورے آزاد کشمیر میں تعمیر و ترقی کا ویژن لیکر آئے ہیں، ان کا کہنا تھا کہ پچیس جولائی کا سورج تحریک انصاف کی کامیابی کی نوید لیکر طلوع ہوگا، پچیس جولائی کو وسطی باغ سے سردار تنویر الیاس کو بڑی لیڈ سے کامیابی دلائیں گے، سردار تنویر الیاس آزاد کشمیر میں نظام کی تبدیلی چاہیتے ہیں یہ چاہتے ہیں کہ یہاں نے نوجوان باروزگار ہوں، یہاں آئی ٹی پارکس اور یونیورسٹیاں بنیں اور تعمیر و ترقی کے ایک دور کا آغاز ہو،
رہنما تحریک انصاف سردار طاہر اقبال کا کہنا تھا کہ باغ کی عوام نے آج فیصلہ سنا دیا، عوام کا ٹھاٹے مارتا سمندر اس چیز کی گواہی دے رہا ہے کہ باغ سے تحریک انصاف کلین سویپ کرچکی، رسمی کاروائی باقی ہے، ان کا کہنا تھا کہ قائد کشمیر کا راستہ روکنے کیلئے مخالفین نے بہت کوشش کی لیکن ناکام ہوئے، مخالفین کو بتانا چاہتا ہوں اب ان کی کوئی چال کامیاب نہیں ہوگی، عمران خان نے سردر تنویر الیاس پر اعتماد کا اظہار کیا ہے، ہم سب نے ملکر زبردست الیکشن مہم چلانی ہے، اس موقع پر راجہ امتیاز طاہر کا کہنا تھا کہ باغ کے لوگوں نے آج تاریخ رقم کردی، آج پروپیگنڈہ ناکام ہوگیا، آج کا پروگرام باغ کے عوام کی جیت ہے،ان کا کہنا تھا کہ ہماری نظر تعمیر و ترقی پر، ہم پڑھے لکھے نوجواںوں کو ملازمتیں دیں گے،