کراچی میں مون سون کی پہلی بارش، بجلی کا نظام درہم برہم

کراچی میں بارش کے ساتھ ہی مون سون کے پہلے اسپیل کا آغاز ہوگیا تاہم شہر میں بجلی کا نظام بھی درہم برہم ہوگیا۔

صبح ہوتے ہی شہر قائد کے مختلف علاقوں میں کہیں ہلکی اور کہیں تیز بارش سے گرمی کی شدت میں کمی واقع ہو گئی۔

کراچی کے جن علاقوں میں بارش ریکارڈ ہوئی ان میں گلشن حدید، اسٹیل ٹاون، لانڈھی، ملیر، ائیرپورٹ، صفورا گوٹھ، گلشن اقبال، اورنگی ٹاون، صدر، گارڈن، اولڈ سٹی ایریا اور دیگر علاقے شامل ہیں۔

بارش کا سلسلہ 16 جولائی تک جاری رہ سکتا ہے: محکمہ موسمیات
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آج ہلکی اور معتدل بارش کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری رہ سکتا ہے، شہر میں وقفے وقفے سے ہلکی اور معتدل بارش کا یہ سلسلہ 16 جولائی تک جاری رہنے کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق بھارتی گجرات کے راستے مون سون ہوائیں داخل ہوئیں، معتدل درجے کی مون سون ہوائیں بحیرہ عرب سے زیریں سندھ میں داخل ہورہی ہیں، بحیرہ عرب سے ملنے والی نمی کے باعث کراچی کے اطراف تھنڈر سیلز بنے۔

بجلی کی فراہمی معطل
مون سون کی پہلی بارش کے بعد کراچی کے مختلف علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہونے کی شکایات بھی موصول ہوئی ہیں۔

بارش کا پہلا قطرہ گرتے ہی نارتھ ناظم آباد، ملیر، جامعہ ملیہ، گلشن اقبال اور گلستان جوہر کے علاقوں میں بجلی معطل ہو گئی۔ اس کے علاوہ لیاقت آباد، شیر شاہ، بفرزون اور لیاری کے پیشتر علاقوں میں بھی بجلی کی فراہمی بند ہے۔

ترجمان کے الیکٹرک کا کہنا ہے کہ شہر کے مختلف علاقوں سے بجلی بند ہونے کی اطلاعات ملی ہیں، 500 سے زائد فیڈر متاثر ہیں، متاثرہ فیڈرز پر بحالی کے لیے کام جاری ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں