پردےمیں رہنےدو

فلم’ پردےمیں رہنےدو ’سے ہانیہ عامرکابھنگڑاوائرل

ہانیہ عامر 3 سال بعد فلم ‘ پردےمیں رہنےدو ’ سے بڑے پردے پر واپسی کررہی ہیں جس کا 12 مصالحوں سے بھرپور ٹیزرگزشتہ روز ریلیز کیا گیا۔
وجاہت رؤف کی اس فلم کے ٹیزر کا آغاز ہی خاصے دھوم دھڑکے سے ہوتا ہے جب جاوید شیخ گلی میں آنے والی بارات کے شور سے تنگ آکر سب بند کرنے کو کہتے ہیں۔ دلہا کے دوست کے ردعمل پر مسینیئر آرٹسٹ کی جانب سے خاصا ‘بولڈ’ جملہ سنائی دیتا ہے۔

ایک منٹ 9 سیکنڈ دورانیے کے اس ٹیزرکے بیشترمناظرمیں ہانیہ اورعلی رحمان کو ہی دکھایا جاتا ہے اور اس دوران آپ کو اردواور پنجابی کے مکس تڑکے کے ساتھ بھنگڑا سونگ بھی دیکھنے کو ملے گا۔

ٹیزر سے فلم کی کہانی کا پوری طرح سے اندازہ لگانا تو مشکل ہے تاہم یہ ظاہر ہورہا ہے کہ فلم میں ہانیہ اورعلی رحمان کی لو اسٹوری، شادی اور خانگی زندگی کے مسائل دکھائے گئے ہیں۔

پردے میں رہنے دوکی کہانی محسن علی نے تحریر کی ہے اورڈائریکٹروجاہت رؤف ہیں جنہوں نے اہلیہ شازیہ وجاہت کے ساتھ مل کر فلم کو پروڈیوس بھی کیا ہے۔

اس فلم سے ہانیہ عامر تقریبا 3 سال کے بعد سنیما اسکرین پرنظرآئیں گی، اس سے انہوں نے سال 2018 میں آئی ایس پی آر کے اشتراک سے بنائی گئی فلم ‘ پروازجنوں’ میں کام کیا تھا، بعد ازاں وہ ‘لوڈ ویڈنگ’ اور ‘سُپراسٹار’ میں بھی مختصر کردار میں نظرآئی تھیں۔

ہانیہ کے علاوہ علی رحمان خان اور وجاہت رؤف نے بھی فلم کا ٹیزرشیئرکیا لیکن فی الحال ریلیز کی تاریخ نہیں بتائی۔ فالوورزکو فلم جلد ریلیزکرنے کاعندیہ دیا ہے۔

جاوید شیخ ، ہانیہ اورعلی رحمان کے علاوہ فلم کی کاسٹ میں نورالحسن، منزہ زہرہ، سعدیہ فیصل، سمیت دیگر شامل ہیں۔

وجاہت رؤف اس سے قبل کراچی سے لاہور ، لاہورسے آگے اور چھلاوہ جیسی فلمیں بنا چکے ہیں ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں