امریکہ کے صدر جو بائیڈن نے روس کے صدر کے بارے میں کہا ہے کہ پیوٹن ایک آمر ہے ، یوکرین کے ساتھ کھڑے رہینگے۔
امریکی صدر جوبائیڈن کا پہلے اسٹیٹ آف دی یونین خطاب میں کہنا تھا کہ امریکا یوکرینی عوام کے ساتھ کھڑا ہے۔ پیوٹن کا یوکرین پر حملہ کرنے کا منصوبہ سوچا سمجھا اور بلااشتعال تھا۔ انہوں نے سفارتی کوشش کو مسترد کیا۔
روسی صدر پیوٹن کو آمر قرار دیتے ہوئے صدر بائیڈن کا کہنا تھا کہ ہم نے اپنی تاریخ سے یہی سیکھا ہے کہ آمر جب سبق نہیں سیکھتے تو وہ مزید افراتفری پھیلاتے ہیں۔ جب آمر اپنی جارحیت کی قیمت نہیں اٹھاتے تو وہ مزید افراتفری پھیلاتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ پیوٹن سمجھتے ہیں کہ مغرب اور نیٹو اس پر ردعمل نہیں دیں گے۔
پیوٹن یہ بھی سمجھتے ہیں کہ وہ ہماری صفوں میں تفریق پیدا کر سکتے ہیں۔ امریکی صدر کا کہنا تھا ہم یوکرین کو سپورٹ کرتے رہیں گے جب تک وہ اپنے دفاع کے لیے کھڑا ہے۔ امریکا اور اتحادی اپنی سرحدوں کی حفاظت پوری طاقت کے ساتھ کریں گے۔ صدر جو بائیڈن نے روسی پروازوں کے لیے امریکی فضائی حدود بند کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے روس کے جھوٹ کا مقابلہ سچ کے ساتھ کیا۔