رمضان المبارک

رمضان المبارک میں سحر و افطار میں گیس لوڈشیڈنگ عوام پر ظلم ہے

امیر جماعت اسلامی لاہور میاں ذکر اللہ مجاہد نے کہا ہے کہ رمضان المبارک میں سحرو افطار میں گیس لوڈشیڈنگ عوام پر ظلم ہے۔

سخت گرمی میں بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا سلسلہ بھی دن اور رات میں شروع کردیا گیا ہے جو شہریوں کیلئے کسی اذیت سے کم نہیں ہے۔ ماہ مقدس میں مہنگائی و بیروزگاری میں پسی کو عوام کو سہولت دینے کی بجائے انکے زخموں پر نمک پاشی کی جارہی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے عوامی افطار ڈنر کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

میاں ذکر اللہ مجاہد نے مزید کہا کہ موجودہ حالات میں عوام کے منتخب نمائندے مال کمانے اور اپنی پارٹیوں کے دفاع میں مصروف ہیں جبکہ عوام مہنگائی و بے روزگاری اور دیگر سنگین مسائل اورملک بے شمار بحرانوں کا شکارہوچکا ہے۔

مفادات اورخرید وفروخت سے اقتدار کے حصول نے ثابت کر دیا ہے کہ عوام کے پاس جماعت اسلامی کے سوا کوئی آپشن موجود نہیں۔ قوم نے ملک کی تمام پارٹیوں کو آزما کردیکھ لیا ہے کسی بھی پارٹی یا لیڈر نے عوام کے حقوق کا تحفظ نہیں کیا بلکہ عوام کے حقوق پر ڈاکہ ڈالا ہے۔ جماعت اسلامی ہی ملک و قوم کے مسائل حل کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔ انہوں نے کہاکہ جماعت اسلامی ایسا نظام لانا چاہتی ہے جس میں عدل وانصاف ہو، ہر شہری کو اس کا جائز حق ملے۔

ہم پاکستان میں قرآن و سنت کے نظام کا نفاذ چاہتے ہیں، اللہ کا دین نافذ ہوگا تو ہمارے معاملات ومسائل خود بخود حل ہو جائیں گے، معاشرے میں بے راہ روی اور اقربا پروری کا ماحول ختم ہو جائے گا۔ عدل وانصاف کا بول بالا ہوگا۔قوم سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ اس بار جماعت اسلامی کی باصلاحیت قیادت کا ساتھ دے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں