پرویزمشرف کی تاحیات نااہلی کے خلاف اپیل 7 جون کو سماعت کیلئے مقرر

اسلام آباد: سابق صدر جنرل (ر) پرویز مشرف کی تاحیات نااہلی کے خلاف اپیل سماعت کے لیے مقرر کردی گئی۔چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس ثاقب نثارکی سربراہی میں 3 رکنی بینچ 7جون کو کیس کی سماعت کرےگا۔اس حوالے سے سپریم کورٹ نے پرویز مشرف اور اٹارنی جنرل کو نوٹس بھی جاری کردیئے۔
واضح رہے کہ سابق صدر جنرل (ر) پرویز مشرف کو پشاور ہائیکورٹ نے الیکشن 2013 سے قبل تاحیات نااہل قرار دیا تھا، جس کے خلاف انہوں نے 2016 میں سپریم کورٹ میں اپیل دائر کی تھی۔4 اپریل 2016 کو سپریم کورٹ نے پرویز مشرف کی تاحیات نااہلی سے متعلق پشاور ہائیکورٹ کے فیصلے کے خلاف اپیل سماعت کے لیے منظور کرلی تھی۔اُس وقت اس کیس پر سماعت سپریم کورٹ کے چیف جسٹس انور ظہیر جمالی کی سربراہی میں 5 رکنی لارجر بنچ نے کی تھی۔سماعت کے دوران عدالت عظمیٰ نے استفسار کیا تھا کہ انتخابات ہونے کے بعد کیا یہ اپیل اب غیر موثر نہیں ہوچکی؟
جس پر پرویز مشرف کے وکیل نے دلائل دیتے ہوئے کہا تھا کہ عدالت نے پرویز مشرف کو تاحیات نااہل قرار دیا ہے، تاحیات الیکشن لڑنے پر پابندی بنیادی انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں