انتخابات 2018: کاغذات نامزدگی کی وصولی جاری، کئی امیدواروں نے فارم حاصل کرلیے

اسلام آباد: انتخابات 2018 کے لیے آج سے کاغذات نامزدگی وصول اور جمع کرانے کا عمل شروع ہوگیا اور یہ سلسلہ 8 جون تک جاری رہے گا۔ تمام صوبوں کے صوبائی الیکشن کمیشن اور ریٹرننگ افسران کے دفاتر سے کاغذات نامزدگی فارم وصول کیے جاسکتے ہیں اور ابتدائی طور پر نامزدگی فارم حاصل کرنے میں سب سے تیزی سندھ میں دیکھی گئی۔الیکشن کمیشن کے کراچی میں واقع صوبائی دفتر سے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 246 کے لیے چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کے لیے کاغذات نامزدگی حاصل کرلیے گئے۔
متحدہ مجلس عمل کے امیدوار اور امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمان نے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 247 کے لیے نامزدگی فارم حاصل کیے ۔ایم کیو ایم کے سابق رکن صوبائی اسمبلی اویس شاہ نے این اے 244 اور سابق ایم پی اے پنجومل بھیل نے اقلیتی نشت پر فارم حاصل کرلیا۔جماعت اسلامی کے ہارون سرفراز نے این اے 241 جب کہ محمد خان اعوان نے پی ایس 96 کے لیے کاغذات نامزدگی فارم حاصل کرلیے۔تحریک انصاف کے سیف الرحمان نے این اے 242 کے لیے کاغذات نامزدگی حاصل کیے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں