اسلام آباد: سابق وزیراعظم نواز شریف کا کہنا ہے کہ ملک میں قبل از وقت انتخابات دھاندلی کی بحث چلتی رہتی ہے اور اس کا آغاز ہو چکا ہے۔احتساب عدالت میں صحافیوں سے غیررسمی گفتگو کے دوران نواز شریف نے کہا کہ قبل از وقت انتخابات میں دھاندلی کا آغاز اس وقت سے ہوا جب مجھے مسلم لیگ (ن) کی صدارت سے ہٹایا گیا اور مجھے زندگی بھر کے لئے نااہل کیا گیا۔سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ہر بات پر از خود نوٹس لیا جاتا ہے، جب مسلم لیگ (ن) کے لوگوں کو دوسری جماعتوں میں شامل کیا جاتا ہے تو کوئی نوٹس نہیں ہوتا۔
نواز شریف نے کہا کہ سینیٹ انتخابات میں ہمارے امیدواروں کو پارٹی ٹکٹ سے محروم کردیا گیا، کیا کوئی ایسی مثال موجود ہے کہ پارٹی ٹکٹ سے محروم کیا گیا ہو۔سابق وزیراعظم نے کہا کہ تبدیلی کو کوئی روک نہیں سکتا، تبدیلی آ کر رہے گی جو ملک کے لیے ناگزیر ہے۔ریحام خان کی کتاب سے متعلق سوال پر نواز شریف نے کہا کہ ریحام خان کی کتاب سے متعلق عمران خان یا ان کے لوگوں کو معلوم ہوگا مجھے نہیں، اس سے متعلق صرف اخباروں میں پڑھ رہا ہوں۔
Load/Hide Comments