29 رمضان کو شوال کا چاند نظر آنے کے امکانات کم: محکمہ موسمیات

محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ سائنسی لحاظ سے 29 رمضان کو شوال کا چاند نظر آنے کے امکانات کم ہیں۔محکمہ موسمیات نے وزارت مذہبی امور کو شوال کے چاند کی عمر پر تفصیلات سے آگاہ کر دیا۔ موسمیات کے مطابق سائنسی لحاظ سے 29 رمضان کو چاند نظر آنے کے امکانات کم ہیں،
شوال کے چاند کی پیدائش 14 جون کوشب 12:45 پر ہوگی اور سورج غروب ہونے کے وقت چاند کی عمر 19 گھنٹے 3 منٹ ہوگی۔ محکمہ موسمیات نے کہا کہ غروب آفتاب کے وقت سے چاند 39 منٹ تک آسمان پر دکھائی دے گا اور سائنسی طور پر چاند کی عمر 26 گھنٹے 42 منٹ ہو تو وہ دکھائی دے سکتا ہے۔
شوال کا چاند نظر آنے میں مطلع کے صاف ہونے کا بھی اہم کردار ہے۔ پاکستان میں اگر مطلع صاف ہوا اور آسمان پر بادل نہ ہوئے تو شوال کا چاند انسانی آنکھ سے بھی دیکھا جا سکتا ہے لیکن اگر 29 رمضان المبارک کو مطلع ابر آلود ہوا تو انسانی آنکھ سے چاند دیکھنا ممکن نہ ہوسکے گا اور اس کیلئے جدید مشینری کی مدد لینا پڑے گی۔
پاکستان میں ہر برس رویت ہلال کمیٹی ملک کے ایسے مقامات کا انتخاب کرتی ہے جو نہ صرف بلند و بالا ہوتے ہیں بلکہ وہاں دور دور تک کا نظارہ آسانی سے کیا جا سکتا ہے ۔ کراچی میں ریڈیو پاکستان اور حبیب بینک کی بلند و بالا عمارتیں اس کی واضح مثالیں ہیں جہاں ہر برس عید کا چاند دیکھنے کی تقریبات کا اہتمام کیا جاتا ہے۔ اس برس بھی امید کی جا رہی ہے کہ لاہور اور کراچی سمیت پورے ملک کے مختلف مقامات پر عید الفطر کا چاند دیکھنے کیلئے خصوصی تقریبات کا اہتمام کیا جائے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں