اسلام آباد: سپریم کورٹ نے این آر او کیس میں آصف زرداری اور پرویز مشرف کے بیرون ملک اثاثوں کی تفصیلات طلب کرلیں۔سپریم کورٹ میں این آر او (قومی مفاہمتی آرڈیننس) سے متعلق درخواست دائر کی گئی تھی جس میں درخواست گزار نے مؤقف اختیار کیا تھا کہ این آر او کی وجہ سے ملک کا اربوں کا نقصان ہوا لہٰذا قانون بنانے والوں سے نقصان کی رقم وصول کی جائے۔
عدالت نے درخواست گزار پر ابتدائی سماعت کے بعد 24 اپریل کو سابق صدور آصف زرداری اور پرویز مشرف کو نوٹس جاری کیے تھے جب کہ آصف زرداری اور دیگر نے سپریم کورٹ میں اپنا جواب بھی جمع کرادیا ہے۔سپریم کورٹ میں چیف جسٹس پاکستان کی سربراہی میں این آر او سے فائدہ اٹھانے سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی جس سلسلے میں اٹارنی جنرل سمیت آصف زرداری کے وکیل فاروق نائیک بھی عدالت میں پیش ہوئے۔عدالت نے سماعت کے آغاز پر ہی پرویز مشرف اور آصف زرداری کے بیرون ملک اثاثوں کی تفصیلات طلب کرلیں جب کہ سابق اٹارنی جنرل ملک قیوم کو بھی اثاثوں کی تفصیلات دینےکا کہا گیا ہے۔
Load/Hide Comments